صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے قانون ساز اسمبلی کا اجلا س 3اگست کو طلب کرلیا، نوٹیفکیشن جاری

جمعہ 30 جولائی 2021 22:43

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2021ء) آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے قانون ساز اسمبلی کا اجلا س 3 اگست کو طلب کرلیا ہے۔ اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے سیکرٹری چوہدری بشارت حسین کے مطابق اجلاس منگل 3 اگست کو صبح 10 بجے مظفر آباد میں ہوگا۔ آزاد جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات کے لئی25 جولائی کو 45 نشستوں پر ووٹ ڈالے گئے تھے۔

آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر نے بھرپور کامیابی حاصل کی ہے، پاکستان تحریک انصاف کی26 امیدوار ان انتخابات میں کامیاب ہوئے ہیں۔ آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا ایوان 53 اراکین پر مشتمل ہے جو2 اگست کوآٹھ خصوصی نشستوں کے انتخاب کے بعد مکمل ہوگا۔

(جاری ہے)

آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن نے قانون ساز اسمبلی کی 8 مخصوص نشستوں کے انتخابی شیڈول کا اعلان پہلے ہی کیا ہے۔

2 اگست کو ایوان اسمبلی کے بقیہ 8 نمائندوں کا چنائو عمل میں آئے گا۔ قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیرنے 11 اور پاکستان مسلم لیگ (ن) نے 6 نشستیں حاصل کی ہیں۔ جموں وکشمیر مسلم کانفرنس اور جموں وکشمیر پیپلز پارٹی نے ایک ایک نشست جیت لی ہے۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں