روحانی انقلاب کے بغیر اسلامی انقلاب کا تصور ناممکن ہے ،مولانا محمد زمان سیفی

گندے برتن کو باہر کی لیپاپوتی سے پاک نہیں کیاجاسکتا، تکبر،خودپسندی، حسد ،بغض، جھوٹ،غیبت، گناہوں میں رغبت ایسے رزائل ہیں جن کا روحانی تربیت کے بغیر درست ہونا ممکن نہیں، نا ظم اعلی اہلسنت رابطہ کونسل آزادکشمیر

جمعہ 17 ستمبر 2021 20:25

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2021ء) اہلسنت رابطہ کونسل آزادکشمیر کے ناظم اعلیٰ مولانا محمد زمان سیفی نے کہا ہے کہ روحانی انقلاب کے بغیر اسلامی انقلاب کا تصور ناممکن ہے کہ گندے برتن کو باہر کی لیپاپوتی سے پاک نہیں کیاجاسکتا۔ تکبر،خودپسندی، حسد ،بغض، جھوٹ،غیبت، گناہوں میں رغبت، نیکوں سے دوری،تقویٰ سے محرومی ،احساس گناہ کا مٹ جانا، حب جاہ ومنصب ،مال ومنال کی طرف رغبت اور مادیت پرستی میں ڈوب کر یوم حساب کو بھلادینا ایسے رزائل ہیں جن کا روحانی تربیت کے بغیر درست ہونا ممکن نہیں۔

اس روحانی تربیت کے لئے خانقاہ نشینوں کو اپنے اصل مشن کی طرف توجہ دینی ہوگی۔دور حاضر میں اکثر خانقاہ نشین خود ان روحانی بیماریوں میں مبتلا ہیں اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ اکثر مشائخ بغیر تربیت کیے اپنی اولاد وں کو مسند نشینی کی ذمہ داریاں سونپ دیتے ہیں ،موروثیت کی وبا نے بھی خانقاہوں کو ان کے اصل مقصد سے دور کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔

(جاری ہے)

شخصیت پر ستی میں مبتلا افراد معاشرہ اہلیت جانچے بغیر اس لیے ایک بے تربیت و بے عمل شخص کے ہاتھ میں ہاتھ دے دیتے ہیں کہ یہ ان کے پیر کا بیٹا ہے حالانکہ معیارشخصیت وموروثیت نہیں بلکہ دینی اہلیت ہے۔سطحی ذہن کاانسان بھی اپنا لباس سلوانے کے لئے کپڑا ایسے ٹیلر کے بیٹے کو ہر گز نہیں دے گا جو اس فن سے ناواقف ہو ۔نیز ایسے شخص کو مصلے پر کھڑا نہیں کیاجائے گا جس کا والد تو عالم ہو لیکن خود اس کا علم سے کوئی تعلق نہ ہو ۔ ایسی صورت میں افضل ترین علم باطنی کسی نااہل سے کس طرح حاصل کیا جاسکتا ہے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے مرکزی جامع مسجد گلزار مدینہ برارکوٹ میں ’’روحانی انقلاب وقت کی اہم ضرورت‘‘ کے عنوان پر جمعتہ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں