سردار عبدالقیوم نیازی کی زیر صدارت آزادجموں وکشمیر کابینہ کا اجلاس ،متعدد قرار دادیں منظور کر لی گئیں

الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے انتخابات کرانے کے عمل کو انتخابی عمل کی شفافیت کیلئے اہم قدم قرار دیا گیا قابض بھارتی فورسز کی جانب سے ڈاکٹر سمیت پانچ نہتے کشمیری شہریوں کی شہادت پر تشویش اور دکھ کا اظہار

منگل 23 نومبر 2021 22:06

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2021ء) وزیر اعظم سردار عبدالقیوم نیازی کی زیر صدارت آزادجموں وکشمیر کابینہ کے اجلاس میں متعدد قرار دادیں منظور کی گئیں قرار دادوں میں کہا گیا کہ آزادجموں وکشمیر کابینہ کا یہ اجلاس وزیراعظم پاکستان عمران خان کی جانب سے پاکستان کے عوام کے مفاد میں پارلیمینٹ کے مشترکہ اجلاس سے منظور کیے جانے والے بلز پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہے۔

اجلاس خاص طور پر اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے پر عمران خان کے ویژن کو سلام پیش کرتا ہے۔اجلاس سمجھتا ہے کہ پاکستان کی ترقی میں اوورسیز کا بڑا اہم کردار ہے ۔اجلاس الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے انتخابات کرانے کے عمل کو انتخابی عمل کی شفافیت کیلئے انتہائی اہم قدم قرار دیتا ہے جس سے آزادانہ ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کی راہ ہموار ہو گی۔

(جاری ہے)

آزادجموں وکشمیر کابینہ کا اجلاس وزیراعظم پاکستان جناب عمران خان کی جانب سے کم آمدن والے خاندانوں کیلئے 120 ارب روپے کے معاشی پیکج پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہے۔اجلاس سمجھتا ہے کہ یہ عمران خان ہی ہیں جنہوں نے عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی مہنگائی کے اثرات سے کم آمدن والے خاندانوں کو ریلیف دینے کیلئے خصوصی پیکج کا اعلان کیا تاکہ عالمی مہنگائی کی لہر کی لپیٹ سے پاکستان کے غریب کو محفوظ کیا جا سکے ۔

قرار داد میں کہا گیا کہ آزادجموں وکشمیر کابینہ کا اجلاس مقبوضہ کشمیر میں سرینگر کے علاقے حیدر پورہ میں ہندوستانی قابض فورسز کی جانب سے ایک ڈاکٹر سمیت پانچ نہتے کشمیری شہریوں کی شہادت پر انتہائی تشویش اور دکھ کا اظہار کرتا ہے۔ ہندوستانی فوج مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے اور آئے روز تلاشی اور محاصرے کی کارروائیوں کے دوران نہتے شہریوں کو اپنی گولیوں کا نشانہ بناتی ہے۔

اجلاس اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں اور تنظیموں سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ ہندوستانی قابض فورسز کے جنگی جنون اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں کی گرتی لاشوں کا سلسلہ بند کرانے میں اپنا کردار ادا کرے۔قرار داد میںکہا گیا کہ آزادجموں وکشمیر کابینہ کا اجلاس شمالی وزیرستان اور بلوچستان میں دہشت گرد حملوں میں افواج پاکستان اور پولیس کے جوانوں کی شہادت پردہشتگردی کی شدید مذمت کرتا ہے۔

پاک فوج اور پولیس نے وطن عزیز سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔اجلاس شہداء کے خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتا ہے ۔ قرار داد میں کہا گیا کہ آزادجموں وکشمیر کابینہ کا اجلاس نومبر1947کے شہدائے جموں کو سلام عقیدت پیش کرتا ہے۔ اجلاس سمجھتا ہے کہ جموں کے شہداء نے نومبر 1947کے پہلے ہفتے میں پاکستان کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ دینے کاجو سلسلہ شرو ع کیا مقبوضہ جموں وکشمیر کے نہتے کشمیری آج تک ظالم ہندوستان کی ریاستی دہشتگردی سے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے جارہے ہیں۔

اجلاس عالمی ضمیر کی توجہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں اس ظلم کی داستان کی جانب مبذول کرواتے ہوئے اسے ختم کرانے میں اپنا بھر پور کردار ادا کرنے کی استدعا کرتا ہے۔قرار داد میں کہا گیا کہ آزادجموں وکشمیر کابینہ کا اجلاس وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی کی بھرپور رہنمائی میں پہلی سہ ماہی کے 71فیصداخراجات کرتے ہوئے ترقیاتی عمل کو کامیابی سے جاری رکھنے اور آزاد خطہ کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے کیے جانے والے اقدامات پر اطمینان کاا ظہار کرتا ہے اور وزیر اعظم سردار عبدالقیوم نیاز ی کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کرتا ہے کہ خطہ کی ترقی ، معاشی خوشحالی اور میرٹ کی بحالی کے لیے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیںکیا جائے گا ۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں