پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر کے صدر سردار تنویر الیاس خان کا نیلم ویلی کا دورہ

سردار تنویر الیاس کا اہلیان نیلم کیلئے میگا ترقیاتی منصوبوں، بنیادی سہولیات اور ضرورت کے مطابق انتظامی معاملات کو درست کرنے کا اعلان

پیر 29 نومبر 2021 23:40

نیلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 نومبر2021ء) پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر کے صدر سردار تنویر الیاس خان کا نیلم ویلی کا دورہ، اہلیان نیلم کا تاریخ ساز خیر مقدم، سردار تنویر الیاس کو نیلم کے عوام نے تاریخی پذیرائی دیکرریاست کی بڑی قدآور شخصیات کے دوروں کی یاد تازہ کر دی۔مظفرآباد سے لیکر اٹھمقام اور شاردہ تک تنویر الیاس کی آمد لوگوں کیلئے کسی بڑی خوشخبری سے کم نہ تھی، جماعتی کارکنان کے علاوہ تنویر الیاس کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے لوگوں کا شاہراہ نیلم پر جم غفیر دیدنی تھا۔

اہلیان نیلم نے ان کی آمد کے پہلے ہی روز ’’اس پار کی آس، اٴْس پار کی آس تنویر الیاس، تنویر الیاس‘‘کا نعرہ لگا کر سماں باند ھ دیا اور ان کے دو روزہ دورے کے دوران یہ نیلم کا سب سے مقبول نعرہ رہا۔

(جاری ہے)

ضلع نیلم میں داخل ہونے سے قبل کوٹلہ سے تحریک انصاف کے سابق امیدوار اسمبلی میر عتیق نے پٹہکہ میں تاریخی خیر مقدم کیا اس کے بعد مختلف مقامات پر حاجی گل خنداں، راجہ الیاس، میاں اخلاق رسول، قاضی اسرائیل،خواجہ شفیق، صداقت حسین شاہ،ملک نصیر، مولانا سید یخی سمیت مقامی زعما نے پی ٹی آئی کارکنان کے ہمراہ تنویر الیاس کو ویلکم کیا۔

وزراء حکومت، ممبران اسمبلی، تحریک انصاف کی گورننگ باڈی کے ممبران کے ہمراہ سردار تنویر الیاس خان کا وادی نیلم کے انٹری پوائنٹ پر نیلم کے بزرگ و جوانوں نے روایتی انداز میں ویلکم کیا۔ چلہانہ سے آٹھمقام تک جگہ جگہ گل پاشی، ڈھول کی تھاپ اور فلک شگاف نعروں کے ساتھ ملکہ حسن وادی نیلم آمد پرفقید المثال استقبال کیاگیا۔ نوسیری سے لیکر شاردہ تک شاہراہ نیلم کو تنویر الیاس خان کے خیر مقدمی بینرز کی بہار نظر آئی۔

صدر پی ٹی آئی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا گیا۔ سردار تنویر الیاس کی نیلم آمد پر اہلیان وادی میں جشن کا سماں تھا۔ نوسیری،جورا، کنڈل شاہی، شاہ کوٹ، کیرن، شاردہ میں ہزاروں کارکنوں نے سردار تنویر الیاس کو ویلکم کیا اور وہاں سے بہت بڑے جلوس کی صورت میں قافلہ اٹھمقام تک لے جایا گیا اور راستے میں ہر چند کلو میٹر کے فاصلے پر مقامی زعما نے تحریک انصاف کے صدر کا استقبال کیا اور جلوس کے ساتھ شامل ہوتے گئے۔

سردار تنویر الیاس خان جب اٹھمقام میں داخل ہو ئے تو مقامی ذرائع کے مطابق ان کا نیلم کی تاریخ میں سب سے بڑا استقبال کیا گیا۔ اٹھمقام بازارمیں موسم کی شدت کے باوجود اتنا بڑا استقبال پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا۔سردار تنویر الیاس کو جو پذیرائی بطور صدر جماعت اولین دورہ نیلم پر لوگوں نے دی اس نے ریاست کی بڑی قدآور شخصیات کی یاد تازہ کر دی۔

ایک وقت تھا جب غازی ملت، مجاہد اول اور سکند ر حیات خان جیسے قد آور لوگ نیلم کا دورہ کرتے تھے تو ایسا ماحول میں دیکھنے میں آتا تھا۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ 25جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں آزادکشمیر کے عوام نے ببانگ دہل عمران خان کے ویڑن اور نظریے پر مہر ثبت کی تھی اور الیکشن کی کامیابی میں سردار تنویر الیاس کا بھی کلیدی کردارتھا۔

تنویر الیاس خان نے صدر جماعت بننے کے بعد تحریک انصاف آزادکشمیر میں گراس لیول سے بڑی طاقت بن کر ابھرنے لگی ہے جس سے سردار تنویر الیاس کی صلاحیتوں اور ان کی عوام میں مقبولیت کا اندازہ لگانا زیادہ مشکل نہیں رہا۔ وادی نیلم کے دورہ کے دوران وزیرتعلیم دیوان علی خان چغتائی، جنرل سیکرٹری پاکستان تحریک آزاد کشمیرو چیئرمین وزیراعظم عملدرآمد کمیشن راجہ منصور خان،صدر تحریک انصاف خواتین ونگ محترمہ تقدیس گیلانی،ممبران گورننگ باڈی تحریک انصاف آزادکشمیر سردار مرتضیٰ علی طاہر، قاضی سردار اسرائیل خان، چوہدری عامر نذیر، سردار ارشاد محمود، ذوالفقار عباسی، میر عتیق الرحمان اور ممبرن اسمبلی پیر مظہر سعید شاہ،بیگم امتیاز نسیم،ممبر کشمیر کونسل سردارعبد الرزاق،ممبران گورننگ باڈی تحریک انصاف سابق وزراء الحاج سردار گل خنداں اورمفتی منصورالرحمن، سابق امیدواران اسمبلی راجہ الیاس اور میاں اخلاق الرسول،مرکزی ڈپٹی سیکر ٹری جنرل قاضی اسرائیل،ضلعی صدر تحریک انصاف سید صداقت حسین شاہ، مفتی خالد،ارشاد محمودودیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔

پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کی گورننگ باڈی کے بننے کے بعدسردار تنویر الیاس نے جلسوں کا آغاز ضلع نیلم کیا۔تحریک انصاف کے صدر و سینئر موسٹ وزیر حکومت آزادکشمیر سردار تنویر الیاس کا دورہ نیلم وادی کے لوگوں کیلئے حقیقی معنوں میں کامیاب ترین دورہ رہا کیونکہ اس دورے کے دوان سردار تنویر الیاس نے کشادہ دل سے اہلیان نیلم کیلئے میگا ترقیاتی منصوبوں، بنیادی سہولیات اور ضرورت کے مطابق انتظامی معاملات کو درست کرنے کا اعلان کیا۔

سردار تنویر الیاس خان نے نیلم کیلئے سپیشل پیکج کے تحت دونوں حلقوں کیلئے 30,30کلو میٹر سڑکات،میونسپل کمیٹیوں کو کارپوریشن،لیڈی ڈاکٹر کی فراہمی، نیلم میں پیدا ہونے والی بجلی نیلم کے لوگوں کو مفت فراہم کرنے،خالصہ سرکار کو مالکانہ حقوق،نیلم کے ملازمین کیلئے ہارڈ ایریا الاؤنس،ٹیوٹا کے ذریعے فنی تربیت فراہم کرنے،نیلم میں ہربل کی نکاسی کیلئے سپیشل اکنامک زون کا قیام،جنگلات کے تحفظ کیلئے عوام کو سستی بجلی کی فراہمی کا اعلان کیا۔

سینئر وزیر سردار تنویر الیاس نے گرلز مڈل سکول چلہانہ طالبات کی ڈیمانڈ پر فوری طور پر فیمیل معلمہ کی تعیناتی کی ہدایت کی اور مڈل سکول کو ہائی سکول کا درجہ دینے کی یقین دہانی کرائی۔اسی طرح انہوں نے پانچ سرکاری سکولوں کو اپ گریڈ، شاردہ میں خوبصورت گیسٹ ہاؤس کی بلڈنگ، پریس کلب کی بلڈنگ، تاؤبٹ میں بی ایچ یو کی تعمیر، طلبہ کومفت کتب کی فراہمی سمیت سفاری پارک کی تعمیر، شاردہ میں رابطہ پل کی تعمیر، شاردہ میں موزیم کی تعمیر کا بھی اعلان کیا۔

سردار تنویر الیاس نے پریس کلب کی نومنتخب باڈی سے حلف لیا اور نومنتخب کیلئے اپنی طرف سے 5 لاکھ روپے نیلم پریس کلب اور شاردہ پریس کلب کیلئی2لاکھ روپے کا اعلان کیا۔ سردار تنویر الیاس کے دورے کی سب سے خاص بات یہ تھی کہ نیلم میں کسی بھی جگہ کسی قسم کی کوئی گروپنگ نظر نہیں آئی بلکہ بطور سینئر موسٹ وزیر انہو ں نے سردار عبدالقیوم نیازی کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے واشگاف الفاظ میں یہ پیغام بھی دیا کہ عوام کی خدمت کیلئے ہم سب ایک ہیں اور سب ملکر ڈٹ کر عوام کی خدمت کریں گے۔

سردار تنویر الیاس نے مختلف جگہوں پر جلسے جلوسوں اور استقبالیہ تقریبات میں حکومتی ترجیحات اور عمران خان کے ویڑن پر بات کی اور اہلیان نیلم کو استقامت پر خراج تحسین پیش کیا اور افواج پاکستان کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کر کے ہندوستان کو یہ پیغام بھی دیا کہ کشمیری عوام جہاں کہیں بھی ہیں افواج پاکستان کے شانہ بشانہ اپنے وطن کے دفاع کیلئے سینہ سپر ہیں اور اپنی فوج کے ساتھ قربانیاں دی بھی ہیں اورآئندہ بھی دیں گے۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں