سپیشل افراد معاشرے کا اہم حصہ ، حکومت انکو سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیگی ،وزیر اعظم آزاد کشمیر

مقبوضہ کشمیر میں قابض ہندوستانی فورسز کشمیریوں کی نئی نسل کو معذور کر رہی ہے ،عالمی برداری مقبوضہ کشمیر میں ہندوستان کے مکروہ عزائم کا نوٹس لے،سردار عبد القیوم نیازی

جمعہ 3 دسمبر 2021 23:24

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2021ء) وزیراعظم آزادجموں وکشمیرسردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ سپیشل افراد معاشرے کا اہم حصہ ہیں ، حکومت ان کو سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی اور اپنی ذمہ داری پوری کریگی۔ مقبوضہ کشمیر میں قابض ہندوستانی فورسز کشمیریوں کی نئی نسل کو معذور کر رہی ہے تاکہ ان کی آواز دبائی جاسکے۔

عالمی برداری مقبوضہ کشمیر میں ہندوستان کے مکروہ عزائم کا نوٹس لے ۔ پوری دنیا میں آج معذروں کا عالمی دن منایا جارہا ہے ، مقبوضہ کشمیر میں ہزاروں نوجوانوں سے قابض ہندوستانی فورسز نے پیلٹ گنوں کے ذریعے انکی بینائی چھین لی ، ہزاروں نوجوانوں کو اپنے جسم کے اعضاء سے محروم کر دیا گیا، ہزاروں خواتین بیوہ ہوگئی ہیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے معذوروں کے عالمی دن کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب سے وزیر تعلیم و ٹیوٹا دیوان علی خان چغتائی نے بھی خطاب کیا جبکہ ڈپٹی سپیکر چوہدری ریاض گجر بھی تقریب میں موجود تھے ۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ شہریوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائیگا، خصوصی افراد خصوصی توجہ کے مستحق ہیں ان کو سہولیات دینے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ سپیشل افراد نے زندگی کے ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے ۔

کھیل کے میدانوں سے لیکر ہر شعبہ زندگی میں سپیشل افراد نے اپنے ملک و قوم کا نام روشن کیا ہے ۔ سپیشل افراد کیلئے ملازمتوں میں مختص کوٹے پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے اور ان کیلئے مزید مواقعے بھی پیدا کریں گے ۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں ایک طرف کشمیریوں کی نسل کشی جبکہ اس کے ساتھ کشمیریوں کو آنکھوں اور جسم کے دیگر اعضاء سے محروم کر کے زبردستی معذور بنایا جارہا ہے تاکہ ان میں آزادی کی تڑپ کو ختم کیا جا سکے ۔

مقبوضہ کشمیر میں ہندوستان کی بزدل قابض فورسز کشمیریوں جوانوں کے جذبہ حریت سے بوکھلا گئی ہے اور ان کے جذبے کو سرد کرنے کیلئے ایسے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کیے جارہے ہیں جن کی انسانی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی قابض فورسز انسانی حقوق کی دھجیاں بکھیر رہی ہے ۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پر مہذب دنیا اور انسانی حقوق کے اداروں کو نوٹس لینا چاہیے ۔ تقریب کے اختتام پر وزیراعظم نے سپیشل افراد کو شیلڈ ز بھی تقسیم کیں۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں