آزادکشمیر بے شمار قدرتی اور سنہری وسائل سے مالا مال ہے،تمام سرمایہ کاروں کو آزادکشمیر میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں ،صدر آزاد جموں وکشمیربیرسٹرسلطان محمودچوہدری

ہفتہ 4 دسمبر 2021 18:00

مظفرآباد۔4دسمبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی - اے پی پی ۔ 04 دسمبر2021ء) :صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ آزادکشمیر بے شمار قدرتی اور سنہری وسائل سے مالا مال ہے  ہم آزادکشمیر میں تمام سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں  لہذا میں سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کے سرمایہ کاروں سے کہوں گا کہ وہ آزادکشمیر میں موجود پوٹینشلز سے فائدہ اُٹھائیں اور یہاں بلا حیل و حجت سرمایہ کاری کریں۔

ویسے بھی کھاریاں میرپور موٹر وے بننے سے ہمارے فاصلے مزید کم ہو جائیں گے۔ جب میں وزیر اعظم تھا تو میں نے اپنے دور حکومت میں میرپور انڈسٹریل اسٹیٹ کا قیام عمل میں لایا اور اسی طرح میں آپ لوگوں سے گزارش کروں گا کہ آپ آزادکشمیر میں سرمایہ کاری کے لئے آگے بڑھیں اور ہم آپ کو ہر طرح کی معاونت اور سہولیات فراہم کریں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو  سیالکوٹ میں  چیمبر آف کامرس کے زیر اہتمام ایک اجلاس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کے صدر میاں عمران اکبر، سینئر نائب صدر زوہیب شیخ، نائب صدر قاسم ملک، سیکرٹری جنرل طارق، عامر مجید شیخ، شعیب امتیاز، احمد خان، ایم عباس اور دیگر بھی موجود تھے، جبکہ پی ٹی آئی سیالکوٹ کے مرکزی رہنماء عمر ڈار، مشیر حکومت چوہدری مقبول گجر، مشیر حکومت حافظ حامد رضا، ڈپٹی سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری ریاض گجر بھی موجود تھے۔

اس موقع پر سینئر نائب صدر زوہیب شیخ نے صدر ریاست آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کے اغراض و مقاصد صنعتی و کاروباری سرگرمیوں اور یہاں پر برآمدات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر صدر ریاست کو چیمبر آف کامرس کے زیر اہتمام جاری اور تکمیل شدہ پراجیکٹس کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پرصدر ریاست کو آزادکشمیر میں جاری صنعتی منصوبہ جات پر ایک ڈاکیو منٹری بھی دکھائی گئی۔

اسی طرح آزادکشمیر میں بزنس سنٹر کے قیام کے حوالے سے بھی صدر آزادکشمیرکو بریف کیا گیا۔ اس موقع پر اجلاس میں صنعت کاروں، سرمایہ کاروں کی بہت بڑی تعداد موجود تھی ۔ اس موقع پر وزارت صنعت و حرفت کی جانب سے صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو خصوصی بریفنگ بھی دی گئی۔ اس موقع پر صدر آزادکشمیر نے سرمایہ کاروں کو آزادکشمیر میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ہم اس سلسلے میں ہر سطح پر آپ کی بھرپور مدد کریں گے لہذا آپ ہمارے ہاں ہائیڈرو، منرلز، ٹورازم اور دیگر کئی شعبوں میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں اس کے لئے حکومت آپ کو اپنی بھرپور معاونت فراہم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ آزادکشمیر اقتصادی طور پر خود کفیل ہو اور یہ اُسی صورت میں ممکن ہے جب یہاں پر صنعتی ترقی ہو گی اور اس سے آزادکشمیر کے وسائل میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا جس سے جہاں ریاست خود کفالت کی منزل کی جانب گامزن ہو گی وہاںپر عوام کامعیار زندگی بھی بہتر ہو گا۔ اس اجلاس کی خصوصی بات یہ تھی کہ صدر ریاست آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کی تقریب میں آمد پر صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کی جتنی بڑی تعداد موجود تھی اس سے قبل کبھی دیکھنے میں نہیں ملی۔

اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اور آزاد جموں وکشمیر چیمبر آف کامرس کے درمیان روابط بڑھانے پر بھی زور دیا۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں