بینک آف آزاد جموں و کشمیر کی ’’نکیال ‘‘میں نئی برانچ کھل گئی،بینکنگ خدمات شروع

ریاستی بینک کی برانچز کی ڈائمنڈ جوبلی مکمل، تعداد بڑھ کر75ہو گئی دوردراز علاقوں میں بینکنگ سہولیات کی فراہمی سے تعلیم یافتہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع دستیاب ہوں گے، صدر بینک خاور سعید

منگل 7 دسمبر 2021 19:13

مظفر آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2021ء) بینک آف آزاد جموں و کشمیر کی جانب سے معزز صارفین کو ان کی دہلیز پر بینکنگ سہولیات کی فراہمی کے تحت ’’نکیال‘‘ میں برانچ کھول دی گئی اور اس میں بینکنگ خدمات شروع کر دی گئی ہیں۔ہزاروں کی آبادی پر مشتمل اس خوبصورت علاقے میں بینک آف آزاد جموں و کشمیر کی برانچ میں ممتاز کاروباری شخصیات سمیت عوام علاقہ نے اپنے اکائونٹ کھولے اور بینک کی کامیابی میں اپنا کردار ادا کرنے کا عزم ظاہر کیا۔

نکیال میںنئی برانچز کھولنے کے بعد ریاستی بینک کی برانچز کی ڈائمنڈ جوبلی مکمل ہو گئی اوربرانچز کی کل تعداد 75ہو گئی ہے۔سال 2021میں بینک کی جانب سے مزیدبرانچز کھولی جائیں گی تاکہ مزید علاقوں کے صارفین کو ان کی دہلیز پر بینکاری سہولیات فراہم ہو سکیں۔

(جاری ہے)

بینک کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر جناب خاور سعید نے کہا ہے کہ رواں سال اب تک بینک آف آزاد جموں وکشمیرکی 5نئی برانچز کھولنے سے ریاست کے واحد مالیاتی ادارے کا نہ صرف برانچ نیٹ ورک تیزی سے پھیل رہا ہے بلکہ آزاد ریاست کے دوردراز علاقوں میں صارفین کو بینکنگ سہولیات کی فراہمی سے تعلیم یافتہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع بھی دستیاب ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ریاست کی معاشی اور سماجی ترقی بینک کا نصب العین ہے۔ نکیال سمیت تمام علاقوں میں نئی برانچز کھولنے پر ان علاقوں کی بزنس کمیونٹی ، ملازمین سمیت ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے عوام نے کشمیر بینک کی برانچ کھولنے پر والہانہ خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ کشمیر بینک کے ساتھ بزنس کو فروغ دیں گے۔ معزز صارفین بینک کی ترقی اور کا میابی کے لئے دعا گو ہیں۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ31دسمبر2020کو بینک کی برانچز کی کل تعداد70تھی۔ بینک آف آزاد جموں و کشمیر کی جانب سے رواں سال 2021کے دوران اب تک پانچ نئی برانچز کھول کر انہیں آپریشنل کیا جا چکا ہے۔جن میں پنتھال،سماہنی، اسلام نگر اورمسلم آبادشامل ہیں۔نکیال برانچ ان نئی برانچز میں تازہ اضافہ ہے۔

متعلقہ عنوان :

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں