سردار تنویر الیاس کے حکم پر باغ سمیت آزاد کشمیر بھر کے بڑے شہروں ،ٹائونز کی پلاننگ کے حوالے سے عملی اقدام کا آغاز کر دیا گیا

بدھ 11 مئی 2022 18:43

باغ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2022ء) وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان کے حکم پر ضلع باغ سمیت آزاد کشمیر بھر کے بڑے شہروں اور ٹائونز کی پلاننگ کے حوالے سے عملی اقدام کا آغاز کر دیا گیاہے ،مظفرآباد، میرپور، پونچھ، کوٹلی، باغ، حویلی، نیلم، جہلم سمیت تمام دیگر اضلاع میں مقامی انتظامیہ کی طرف سے شہر وں کے اندر مختلف رہائشی کالونیوں میں مکانات اور گلیوں وغیرہ کی مارکنگ شروع کر دی گئی ہے۔

اضلاع کی انتظامیہ کے ذمہ داران کے مطابق یہ مارکنگ شہریوں کے تعاون سے روزانہ کی بنیاد پہ اندرون شہر اور اندرون ٹاون 100 فیصد مکمل کی جائے گی۔ بڑے شہروں کی مارکنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کے ویژن کے مطابق ان شہروں میں سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے منصوبہ بندی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

آزاد کشمیر میں ٹائون پلاننگ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ، آئندہ ہر طرح کی تعمیرات کیلئے بلڈنگ کوڈز اور نقشوں کو بنیادی ضرورت کے تحت نافذ العمل کیے جانے کی پالیسی طے کی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر کے تمام بڑے شہروں کے اندر سہولیات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے اور آئندہ بجٹ میں شہری ضروریات کو مد نظر رکھ کر منصوبہ بندی کی جائے گی اور معقول بجٹ بڑے شہروں کے اندر بنیادی ضروریات اور سہولیات کی فراہمی کے لیے مختص کیا جائے گا۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں