حافظ حامد رضا کی گرفتاری قابل مذمت اور غیر جمہوری اقدام ہے،خواجہ فاروق احمد

ہفتہ 14 مئی 2022 23:29

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2022ء) آزاد کشمیر کے وزیر بلدیات و دیہی ترقی خواجہ فاروق احمد نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے مشیر حکومت برائے اوقاف و امور دینیہ حافظ حامد رضا کی گرفتاری قابل مذمت اور غیر جمہوری اقدام ہے ، سپیکر اسمبلی انوارالحق معاملہ کا نوٹس لے کر اپنا کردار ادا کریں ۔

(جاری ہے)

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ میں آزاد کشمیر اسمبلی کے ممبر اور فلیگ ہولڈر کی گرفتاری پنجاب حکومت کی پولیس اور متعلقہ اداروں کا غیر ذمہ دارانہ اقدام ہے، وفاق کی اتحادی اورپنجاب حکومتیں پی ٹی آئی اور چیئرمین عمران خان کی مقبولیت اور ملک بھر میں کامیاب جلسوں کے باعث بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہم گرفتاریوں اور دھمکیوں سے مرعوب ہونے والے نہیں ، امریکی آشیرباد سے پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائی گئی ، وفاقی حکومت اور پنجاب کے پاس اکثریت نہیں اسی وجہ سے پنجاب میں بلاجواز گرفتاریوں کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے ۔ حافظ حامد رضا کی گرفتاری افسوسناک حرکت ہے ۔ حافظ حامد رضا حکومت آزاد کشمیر کے مشیر اور ایوان کے معزز ممبر ہیں اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں کی بھرپور مذمت کرتے ہیں ۔ سپیکر آزا دکشمیر اسمبلی بحیثیت کسٹودین اپنا کردار ادا کریں ۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں