خواتین‘بچوں‘ بچیوں اور کمزور طبقے کو تحفظ فراہم کرنا ہماری اولین ذمہ داری ہے‘آئی جی پولیس آزاد کشمیر

جمعہ 24 جون 2022 18:03

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2022ء) انسپکٹر جنرل پولیس آزادکشمیر ڈاکٹر امیر احمد شیخ سے چیئرپرسن وویمن کمیشن آزادکشمیر محترمہ تہمینہ صادق خان کی اہم ملاقات,اس موقع پر تہمینہ صادق خان سے گفتگو کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس آزادکشمیر ڈاکٹر امیر احمد شیخ نے کہا کہ خواتین, بچوں, بچیوں اور کمزور طبقے کو تحفظ فراہم کرنا ہماری اولین ذمہ داری ہی,انھوں نے کہا کہ تمام تھانہ جات کے رپورٹنگ رومز میں خواتین پر تشدد اور بچوں, بچیوں کی حفاظت کے لئے ڈیسک قائم کئے جائیں گے۔

انھوں نے کہا کہ معاشرے سے جرائم کا خاتمہ اور شہریوں کی جان ومال, عزت کا تحفظ آزادکشمیر پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے لہذا تمام اہلکاران بھرپور محنت, ایمانداری, لگن اور تندہی سے اپنے فرائض سرانجام دیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے مزید کہا کہ آزادکشمیر پولیس میں لیڈی اہلکاروں کو مردوں کے شانہ بشانہ کام کرنے کے مساوی مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں اور مجھے لیڈی اہلکاروں سے توقع ہے کہ وہ پولیس کے پاس آنے والی مظلوم ومجبور خواتین کی بھرپور مدد کریں گی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرپرسن وویمن کمیشن آزادکشمیر محترمہ تہمینہ صادق خان نے انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر امیر احمد شیخ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اسٹیٹ وویمن کمیشن کے ساتھ ہمیشہ پولیس اہلکاروں نے بھرپور تعاون کیا اور مجھے امید ہے کہ آئندہ بھی وہ وویمن کمیشن کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے انھوں نے سابق انسپکٹر جنرل پولیس آزادکشمیر سہیل حبیب تاجک کو بھی شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں