رضاکار تحریکیں کسی بھی معاشرے میں اپنا اہم کردار ادا کرتی ہیں ،صدر آزاد جموں وکشمیر

جمعہ 24 جون 2022 21:25

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2022ء) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ رضاکار تحریکیں کسی بھی معاشرے میں اپنا اہم کردار ادا کرتی ہیں کیونکہ کسی بھی ناگہانی یا ایمرجنسی کی صورتحال میں رضاکار لوگوں کو مدد فراہم کرنے میں پیش پیش ہوتے ہیں۔ اس سلسلے میں اسکائوٹس بھی ایک اہم رول ادا کرتے ہیں اور پوری دنیا میں 6کروڑ سے زیادہ اسکائوٹس موجود ہیں۔

جب میں وزیر اعظم تھا تو میں نے اپنے دور حکومت میں اسکائوٹس کے لئے ایکٹ پاس کروایا تھا اور میں خود بھی سکول کے زمانے میں اسکائوٹ رہا ہوں لہذا میں اسکائوٹس کے کردار کی اہمیت سے بخوبی آگاہ ہوں اور ویسے بھی آزادکشمیر چونکہ آزادی کا بیس کیمپ ہے اور یہاں لائن آف کنٹرول اور موسمی حالات کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال سے نبردآزما ہونے کے لئے اسکائوٹس تحریک ایک اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

(جاری ہے)

لہذا آپ لوگ پوری لگن اور جذبے سے آگے بڑھیں۔ اس سلسلے میں حکومت سے جو بھی ممکن ہوا آپ کی مدد کے لئے کہوں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کومظفرآباد میں تیسری اسکائوٹس ٹریننگ اینڈ یوتھ پروگرام کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کانفرنس سے وزیر ایلیمنٹری و سکینڈری ایجوکیشن دیوان علی خان چغتائی،پرنسپل پائلٹ ہائی اسکول مظفرآباد انوارالحق، سیکرٹری ایلیمنٹری اینڈ سکینڈری ایجوکیشن رزاق احمد ندیم، چیف اسکائوٹس کمشنر سرفراز قمر ڈھا، پروفیسر توقیر الاسلام پرنسپل کیڈٹ کالج بٹراسی اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ آزادکشمیر آزادی کا بیس کیمپ ہے اور یہاں پر ہمیں ہر طرح کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار رہنا چاہیے بالخصوص اسکائوٹس اس طرح کی صورتحال سے نبردآزما ہونے کے لئے اپنے آپ کو تیار رکھیں تاکہ ہنگامی حالات میں لوگوں کو جلد اور فوری امداد میسر آ سکے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں اس وقت ایک سنگین صورتحال ہے اور میں حال ہی میں بین الاقوامی دورے سے واپس آیا ہوں اور میرے دورے سے بھارت دفاعی پوزیشن پر آگیا ہے اور میں نے بھارت کی ریشہ دوانیوں کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا ہے۔ لہذا آزادی کے بیس کیمپ سے اسکائوٹس تحریک لوگوں کی مدد کے لئے ہمہ وقت تیار رہے تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہماری تیاری ہر وقت مکمل ہونی چاہیے۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں