انسانی حقوق کے رہنما احسن انتو کی کالے قانون کے تحت گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہیں، ترجمان وزیراعظم آزاد کشمیرڈاکٹرعرفان اشرف

جمعرات 30 جون 2022 20:43

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2022ء) وزیر اعظم آزادکشمیر کے ترجمان ڈاکٹر عرفان اشرف نے کہا ہے کہ انسانی حقوق کے رہنما احسن انتو کی کالے قانون کے تحت گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہیں، حکومت آزاد کشمیر کو بھارتی اقدامات پر شدید تحفظات ہیں ،بھارت نے انسانی حقوق کے رہنما احسن انتو پر جعلی مقدمات بنا رکھے ہیں،یسین ملک سمیت تمام حریت قیادت پر جھوٹے مقدمات بنا کر بھارت تحریک آزادی کشمیر کو کچلنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے، وزیر اعظم آزاد کشمیر کی ہدایت پر جلد آزاد کشمیر بھر میں حق خودارادیت کارواں چلانے جا رہے ہیں، حکومت نے آزادکشمیر بھر میں حق خودارادیت کارواں کا فیصلہ کیا ہے ۔

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے حریت رہنماء مشتاق السلام کے ہمراہ مرکزی ایوان صحافت میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے، وزیر اعظم آزاد کشمیر کی طرف سے حق خودارادیت کارواں کا فیصلہ تحریک آزادی کشمیر میں سنگ میل ثابت ہو گا، بھارت جبر کے ذریعے تحریک آزادی کشمیر کو دبانے میں ناکام رہے گا،اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ بھارتی مظالم کا نوٹس لیں۔

حریت رہنماء مشتاق السلام نے کہا کہ چیئرمین انٹر نیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس محمد احسن انتو جنہیں بھارتی فورسز نے اپنے نا پاک عزائم کو دوام بخشنے کے لیے پابند سلاسل کیا اور گذشتہ آٹھ ماہ سے احسن انتو کو گرفتار کرکے مختلف عقوبت خانوں میں پابند سلاسل رکھنے کے بعد سرینگر جیل سے کوٹ بلوال جیل جموں منتقل کر دیا ہے جس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ احسن انتو کا جرم یہ ہے کہ وہ بھارتی فورسز کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ قتل عام انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو اُجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں ، بھارتی فورسز کی جانب سے استعمال پیلٹ گن سے زخمیوں کو دنیا بھر میں highlightکرنا اُنکا جرم بن گیا ہے ، ہم عالمی برادری انسانی حقوق کی تنظیموں ، سلامتی کونسل ، انسانی حقوق کمیشن برائے اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ محمد احسن انتو سمیت انسانی حقوق پر کام کرنے والے کارکنان ، حریت قائدین کی رہائی کے لیے اپنا کردار ادا کریں ۔

پریس کانفرنس سے خطاب میں قائدین نے کہا کہ بہت جلد آزادکشمیر بھر میں حق خودارادیت کا رواں نکالاجائے گا۔ پریس کانفرنس کے آخر میں مشتاق السلام نے وزیر اعظم آزادکشمیر کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے بروقت احسن انتو کی گرفتاری پر آواز بلند کی ۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں