چیف جسٹس نے آزاد جموں وکشمیر سپریم کورٹ کے لان میں شجر کاری مہم کے سلسلہ میں پودا لگایا

زیادہ سے زیادہ شجرکاری کر کے آزاد کشمیر سیاحت کے لحاظ سے بین الاقوامی توجہ کا مرکز بن سکتا ہے: چیف جسٹس چودھری محمد ابراہیم ضیاء کی میڈیا سے گفتگو

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 21 اگست 2019 16:44

چیف جسٹس نے آزاد جموں وکشمیر سپریم کورٹ کے لان میں شجر کاری مہم کے سلسلہ میں پودا لگایا
آزاد کشمیر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،21 اگست 2019ء، نمائندہ خصوصی، نعیم الرحمن) چیف جسٹس آزاد جموں وکشمیر جسٹس چوہدری محمد ابراہیم ضیاء نے منگل کے روز آزاد جموں وکشمیر سپریم کورٹ کے لان میں شجر کاری مہم موسم برسات کے سلسلہ میں پودا لگایا۔ اس موقع پر جج آزاد جموں وکشمیر سپریم کورٹ جسٹس غلام مصطفی مغل نے بھی پودا لگایا۔ آزاد کشمیر کے سیکرٹری جنگلات سید ظہور الحسن گیلانی، ناظم جنگلات غلام مجتبیٰ مغل، ایڈووکیٹ جنرل آزاد جموں وکشمیر کرم داد خان ایڈووکیٹ، سینئر وکلاء راجہ محمد حنیف خان ایڈووکیٹ، خواتین وکلاء ، ممبران و عہدیداران بار کونسل، بار ایسوسی ایشنز، محکمہ جنگلات کے آفیسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

بعدازاں چیف جسٹس آزاد جموں وکشمیر جسٹس چوہدری محمد ابراہیم ضیاء نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زیادہ سے زیادہ شجرکاری کر کے آزاد کشمیر سیاحت کے لحاظ سے بین الاقوامی توجہ کا مرکز بن سکتا ہے۔

(جاری ہے)

حکومت آزاد کشمیر خالصہ سرکارپر پابندی پر عملدرآمد کو یقینی بناتے ہوئے زیادہ سے زیادہ شجر کاری کی جائے تاکہ ماحول بہتر ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ جنگل کے قریب رہنے والی آبادی کو تعمیرات اور ایندھن کی ضروریات کے لئے متبادل تعمیراتی میٹریل اور گیس فراہم کی جائے تاکہ جنگلات کی کٹائی کو روکا جاسکے۔

ایک سوال کے جواب میں چیف جسٹس نے کہا کہ آزادکشمیر شجر کاری کے لئے موزوں ترین جگہ ہے۔ جنگلات میں اضافہ کر کے علاقے کو پوری دنیا کے لئے توجہ کا مرکز بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی روک تھام کے لئے درختوں میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے چیف جسٹس نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کشمیر کے جنگلات پاکستان میں زرعی زمینوں میں کاشتکاری کے لئے پانی کا سب سے بڑا ذریعہ ہیں ان میں اضافہ کے لئے حکومت پاکستان کو بھی آزاد کشمیر میں خصوصی منصوبے شروع کرنے چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت شجرکاری پاکستان اور آزاد کشمیر کی ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ جنگلات جنگل کی کٹائی کی روک تھام کے لئے عوام میں آگاہی مہم پر توجہ دے تاکہ جنگلات کی کٹائی کو روکا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ماحول کی بہتری کے لئے محکمہ جنگلات سمیت تمام ادارے اپنا اپنا کر دار ادا کریں۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں