مظفرگڑھ کی تعمیر و ترقی کیلئے ہر ممکن کوشش کی ،ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ ڈاکٹر احتشام انور

مظفرگڑھ میں تعیناتی کے دوران سیاسی رہنما، ضلعی انتظامیہ، دیگر محکموں او ر سول سوسائٹی کی بھر پور معاونت رہی،الوداعی تقریب سے خطاب

جمعہ 18 اکتوبر 2019 16:53

مظفرگڑھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2019ء) ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ ڈاکٹر احتشام انور نے کہا ہے کہ مظفرگڑھ میں تعیناتی کے دوران ضلع کی تعمیرو ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے جو کام بھی کئے اپنی ذمہ داری سمجھ کر کئے جس میں سیاسی رہنما، ضلعی انتظامیہ، دیگر محکموں او ر سول سوسائٹی کی بھر پور معاونت رہی، مظفرگڑھ جو جنوبی پنجاب کا پسماندہ ضلع تصور کیا جاتا تھااس کو بڑے شہروں کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کی اور کسی حد تک کامیابی حاصل کی تاہم ابھی بھی اس کو ایک مکمل شہر بنانے کیلئے بہت کچھ کرنے کی گنجائش ہے، یہ بات انہوں نے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے منعقدہ الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ مجھے جو وقت اور وسائل ملے اس کو شہر کو بہتر بنانے اور عوام کی فلاح پر صرف کیا، انہوں نے کہا کہ مظفرگڑھ سے مجھے اتنی ہی محبت ہے جتنی یہاں کی عوام کو ہے، مجھے یہ محسوس نہیں ہوا کہ یہ میرا شہر نہیں ہے اب مظفرگڑھ میری پہچان بن گیا ہے، انہوں نے کہا کہ مظفرگڑھ کی ترقی کا جو سفر شروع کیا ہے امید کرتا ہوں آنے والے افسران سیاسی نمائندگان اور سول سوسائٹی کی معاونت سے جاری رکھیں گے، اب یہ سول سوسائٹی کی ذمہ داری ہے کہ جو منصوبے فنڈز کی عدم دستیابی کی وجہ سے شروع نہ ہو سکے ان تکمیل کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں، قبل ازیں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عطائ الحق نے خطبہ استقبالیہ میں کہا کہ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر احتشام انور نے ٹیم لیڈر کے طور پر اپنی ذمہ داری بڑے احسن طریقہ سے نبھائیں، آپ جیسے متحرک، انتھک اور بے لوث آفیسر بہت کم ہوتے ہیں، وقت کی پابندی اور دسپلن آپ کے رہنما اصول رہے، قائد اعظم کے فرمان کام کام اور کام کا آپ عملی نمونہ ہیں، اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی نیاز احمد گشکوری، ملک خیر محمد بدھ، ایم ایس مہر اقبال، صدر ڈسٹرکٹ پریس کلب مظفرگڑھ نعیم احمد خان، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر محمد شہزاد نے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر احتشام انور کو ضلع میں تعلیم و صحت کے شعبہ میں انقلابی اقدامات کرنے، انفراسٹرکچر کے قیام جس میں فیاض پارک، تلیری باغ، یاد گار کلب، فیصل سٹیڈیم کی بحالی، سہولت سنٹر،ہیلپ لائن، آڈیٹوریم کا قیام شامل ہیں، ڈائیلسس سوسائٹی، عوامی دسترخواں جیسے فلاحی کام شروع کرنے پر شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا، اس موقع پر ڈی پی او صادق علی ڈوگر نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر احتشام انور کے ساتھ ضلع میں قیام امن اور عوامی مسائل کے حل کیلئے بہتر کوارڈینیشن رہی،آپ کی قائدانہ صلاحیت میں ایک پٹواری اور کنسٹیبل سے لے کر اسسٹنٹ کمشنر اور ڈی ایس پی تک ایک منظم اور مربوط رابطہ قائم رہاجو اپنی مثال آپ ہے، الوداعی تقریب میں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر احتشام انور کے تعیناتی کے دوران مظفرگڑھ کی تعمیرو ترقی پر مبنی ڈاکومنٹری بھی دیکھائی گئی، بعد ازاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو، اسسٹنٹ کمشنران، صحافیوں نے ڈپٹی کمشنر کو تحائف اور گلدستے پیش کئے، تقریب میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج صہیب احمد رومی، سی ای او تعلیم مسعود ندیم، سی ای او صحت ڈاکٹر ضیائ الحسن،اسسٹنٹ کمشنرمظفرگڑھ رانا محمد شعیب، اسسٹنٹ کمشنر کوٹ ادو ڈاکٹر فیاض، اسسٹنٹ کمشنر جتوئی زریاب ساجد، اسسٹنٹ کمشنر علی پور محمد عامر، اسسٹنٹ کمشنر احمد پو ر سیال اسد علی بدھ، انجمن تاجران سے ملک جاوید، امیر حسن، شیخ عامر سلیم سمیت ضلعی محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں