صدر آزاد کشمیر کا مقبوضہ کشمیر ،بھارتی جیلوں میں قید سیاسی رہنمائوں ،کارکنوں کے ساتھ غیر انسانی برتائو،انکی صحت پر اظہار تشویش ،رہائی کا مطالبہ

انسانی حقوق کے بین الاقوامی ادارے بے گناہ سیاسی قیدیوں کی فوری رہائی کو یقینی بنا نے کے لیے کردار ادا کریں،سردار مسعود خان کی گفتگو

جمعہ 30 اپریل 2021 19:54

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2021ء) آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے مقبوضہ کشمیر اور بھارتی جیلوں میں قید 174 سیاسی رہنماؤں اور ہزاروں سیاسی کارکنوں کے ساتھ غیر انسانی برتاؤ، ان ضمیر کے قیدیوں میں سے بعض کی گرتی ہوئی صحت اور کرونا وائرس سے ان تمام قیدیوں کی جانوں کو لاحق خطرات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انکی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

ایوان صدر مظفرآباد میں سابق امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر اور چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی عبدالرشید ترابی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل، ریڈ کراس انٹرنیشنل اور انسانی حقوق کے دوسرے بین الاقوامی اداروں سے اپیل کی کہ وہ ان بے گناہ سیاسی قیدیوں کی فوری رہائی کو یقینی بنا نے کے لیے کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت کی حکومت مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے فسطائی پالیسیوں پر پوری کار بند ہے اور کسی مخالفانہ آواز کو سننے کے لیے تیار نہیں ہے جس کا ثبوت گزشتہ دو سال کے زیادہ عرصہ سے انٹرنیٹ کی بندش، صحافیوں کے متشدد اقدامات حتیٰ کہ بعض صحافیوں کو گرفتار کرنا، انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دینا اور ان میں سے بعض کے خلاف بغاوت اور دہشت گردی کے مقدمات قائم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اسی بات پر حیرت ہے کہ وہ ممالک اور ادارے جو دنیا میں جمہوریت اور انسانی آزادی کے علمبردار ہیں وہ بھارت کے ان جمہوریت دشمن اقدامات پر آخر کیوں خاموش ہیں۔ صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ بھارت جمہوری ملک اور نہ ہی سیکولر بلکہ یہ ایک خالص ہندو ملک ہے جہاں ہندوؤں کے ایک خاص طبقہ کے علاوہ خود نچلی ذات کے ہندوؤں سمیت تمام مذہبی اقلیتیں غیر محفوظ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت اگر انہی پالیسیوں پر گامزن رہا تو وہ زیادہ دیر اپنا وجود قائم نہیں رکھ پائے گا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے رہنما اور چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی عبدالرشید ترابی نے ممتاز کشمیری رہنما سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق کی طویل نظر بندی اور تہاڑ جیل میں قید یاسین ملک اور آسیہ اندرابی کی قید تنہائی پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور بھارت کی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ان تمام رہنماؤں کو فوری طور پر رہا کرنے کے علاوہ ان ہزاروں سیاسی قیدیوں جن میں کم عمر نوجوان اور بچے بھی شامل ہیں کو فی الفور اور غیر مشروط طور پر رہا کیا جائے۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں