مظفرآباد میں سیوریج سسٹم کی ناکامی پر فوری انکوائری کا حکم

محکمہ پبلک ہیلتھ اورفزیکل پلاننگ کو بلدیہ کے ساتھ ملکر فوری معاملے کا حل نکالے،وزیراعظم آزادکشمیر

منگل 23 اکتوبر 2018 18:21

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2018ء) وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے مظفرآباد میں سیوریج سسٹم کی ناکامی پر فوری انکوائری کا حکم دیتے ہوئے محکمہ پبلک ہیلتھ اورفزیکل پلاننگ کو ہدایت کی ہے کہ وہ بلدیہ کے ساتھ ملکر فوری معاملے کا حل نکالے اور جو کام رہ گیا ہے اسے مکمل کیا جائے ۔ وزیر اعظم نے محکمہ لوکل گورنمنٹ کو ہدایت کی ہے کہ وہ ابتدائی طورپر ڈویژن کی سطح پر منصوبہ ڈیزائن کریں اور جملہ کارپوریشنز کو جدید مشینری فراہم کرنے کیلئے اپنی تجاویز حکومت کو ارسال کریں ۔

گزشتہ روز آزادکشمیر میں سیوریج کے نظام کو بہتربنانے کیلئے بریفنگ دی گئی ۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ڈاکٹر سید آصف حسین ، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی سید ظہور الحسن گیلانی ، ایڈوائزر محکمہ منصوبہ بندی وترقیات طارق محمود شعلہ ، ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن خواجہ اعظم رسول سمیت دیگرمتعلقہ حکام بھی بریفنگ میں موجود تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر اعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ایم سی ڈی پی نے مظفرآبادمیں مجموعی طور پر 109کلو میٹر سیوریج لائنز بچھا کر اسے ٹریٹمنٹ پلانٹ سے منسلک کرنا تھا مگر صرف72کلو میٹرسیوریج لائن بچھائی گئی اور 31سے زیادہ مقامات پر پائپوں کو زمین میں نکاسی کے بغیر چھوڑ دیا گیا جس سے دارلحکومت میں سیوریج کا مسئلہ پیداہوا ۔اب ضرورت اس امر کی ہے کہ ان ساری لائنز کو ٹریٹمنٹ پلانٹ سے منسلک کیا جائے۔

وزیر اعظم نے اس ساری صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ یہ اس وقت کی حکومت اور محکمہ فزیکل پلاننگ اینڈ ہائوسنگ کی ذمہ داری تھی کہ وہ اس کام کو مکمل کرواتے ۔ ادھورے کام ہمیشہ عوام کیلئے مسائل کا باعث بنتے ہیں ۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ باقی کام مکمل کرنے کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں اور حکومت کو پراجیکٹ بنا کر ارسال کریں تاکہ اس مسئلہ کا حل نکالا جا سکے۔

وزیراعظم نے کام ادھورا چھوڑے جانے پر فوری انکوائری کا بھی حکم دیا ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان سے ملاقات میں بھی مظفرآباد میں سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس لگانے کے حوالے سے بات کی ۔سیوریج کا گندا پانی براہ راست دریا میں چھوڑنے کے بجائے اسے ضروری ٹریٹمنٹ کے بعد دریا میں چھوڑیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ اس حوالے سے واپڈا سے ضروی فنڈز لیے جائیں گے۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں