کھٹائی تا گوجربانڈی روڈ کی تعمیر سست روی کاشکار

منگل 11 دسمبر 2018 18:49

مظفرآباد11 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2018ء) دفاعی اہمیت کے حامل پانڈو سیکٹر شاہراہ سے منسلک کھٹائی تا گوجربانڈی روڈ کی تعمیر سست روی کاشکار ہے ،دو سال میں ایک کلو میٹر روڈ پختہ نہ ہوسکی ، گوجربانڈی ،کوٹلہ ، تلی کوٹ ،کلی گبر ، میرابکوٹ ، پاہل ، ریوند ،گہانی کے مکینوں نے وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمدفاروق حیدر خان سے فی الفور نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے، ٹھیکیدار کی مبینہ غفلت اور لاپرواہی کے باعث ایک کلومیٹر روڈ عوام کے لیے عذاب بن گئی ہے ، ٹھیکیدار نے انتہائی اہمیت کے حامل گوجربانڈی روڈ پر مشین سے تیار کی گئی لوکل کرش (روڑی) سڑک کے درمیان میں ڈال کر مسافروں کو ذہنی اذیت میں مبتلا کردیا ہے،غیر معیار ی اورناقص میٹریل کے استعمال سے ہلکی بارشوں کے باعث سڑک کی حفاظتی دیواریں گرنا شروع ہوگئی ہیں ، جبکہ سڑک کے درمیان پڑی کرش کی وجہ سے پرائیویٹ و پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں پہیے اور مشینری خراب ہونا معمول بن گیا ہے ، پبلک ٹرانسپورٹ مالکان نے روڈ کی ناگفتہ بہ حالت کے باعث نامعلوم مدت تک پہیہ جام کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، سڑک اب بدترین پکڈنڈی میں تبدیل ہوگئی ہے، تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات کا پیدل چلنا بھی محال ہوگیا ہے اور حادثات معمول بن گئے ہیں جبکہ منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہونے لگا ہے، عوام علاقہ نے وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمدفاروق حیدر خان سے مطالبہ کیا ہے روڈ کی تعمیر کے فی الفور احکامات دئیے جائیں ، سیکرٹری تعمیرات عامہ سردار اسحاق خان،چیف انجینئر شاہرات راجہ شریف خان سے مطالبہ کیا ہے کہ کھٹائی تاگوجربانڈی روڈ کی تعمیر میں سست روی، مبینہ غفلت برتنے والوں کیخلاف ایکشن لیتے ہوئے جلد از جلد روڈ کی تعمیر کو یقینی بنایا جائے ۔

متعلقہ عنوان :

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں