تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی ، مرکزی سیکرٹری جنرل عامر محمود کیانی اور مرکزی نائب صدر زاہد حسین کاظمی نے ہزاروں کارکنان کے ساتھ وزیراعظم کے مظفر آباد میں جلسہ میں شرکت کی

جمعہ 13 ستمبر 2019 23:41

مظفر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 ستمبر2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی ، مرکزی سیکرٹری جنرل عامر محمود کیانی اور مرکزی نائب صدر زاہد حسین کاظمی نے ہزاروں کارکنان کے ساتھ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے یونیورسٹی گراؤنڈ مظفر آباد میں کشمیر کے حوالہ سے منعقدہ جلسہ میں شرکت کی، تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی کی ہدایت پر کارکنان ریلیوں کی شکل میں مظفر آباد پہنچے۔

مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے دی گئی تفصیلات کے مطابق رکن قومی اسمبلی صداقت عباسی کی قیادت میں ریلی فیض آباد فلائی اوور سے بذریعہ مری روڈ مظفر آباد کے لیے روانہ ہوئی۔ اسلام آباد سے تحریک انصاف کے صدر فرید رحمان کی قیادت میں ریلی مظفر آباد پہنچی۔

(جاری ہے)

چیف ارگنائزر سیف اللہ خان نیازی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مظفر آباد کا جلسہ نہایت اہمیت کا حامل ہے جس نے دنیا کو مقبوضہ اور آزاد کشمیر میں فرق واضح کرکے دکھادیا ہے۔

مظفر آباد میں آزاد انسانوں کا سمندر مودی سرکار کی بے شرمی اور بربریت کے خلاف آواز ہے۔ سیف اللہ خان نیازی نے مزید کہا کہ ایل او سی کے اس پار سری نگر میں زندگی محاصرے اور کرفیو میں جکڑی ہوئی ہے۔ دنیا بھر سے مودی کی فسطائیت کے خلاف آوازیں اٹھ رہی ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ نازی مودی کو بزور قوت کشمیر پر قبضے کی اجازت نہیں دیں گے۔تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف عامر محمود کیانی جب مظفر آباد جلسہ گاہ پہنچے تو وفاقی وزیر برائے امور کشمیر علی امین گنڈا پور بھی ان کے ہمراہ تھے۔

اس موقع پر عامر کیانی نے کہا کہ آج پوری دنیا کی نگاہیں مظفر آباد یونیورسٹی گراؤنڈ پر لگی ہوئی ہیں۔ وزیراعظم نے بطور سفیر کشمیر کا مقدمہ دنیا کے سامنے رکھ دیا ہے۔ مظفر آباد کی دوسری جانب نوے لاکھ کشمیری گھروں میں قید کردیے گئے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سفاک مودی سرکار اقوم متحدہ کی قرادادوں کو ردی کی ٹوکری میں ڈال کر فوجی قوت کے بل بوتے پر کشمیر پر مستقل قبضہ چاہتی ہے۔

اہل کشمیر نے طاقت کے زور پر بھارتی غلامی کی زنجیریں پہننے سے مکمل انکار کردیا ہے۔ بہادر کشمیری بھائی، بہنیں بیٹیاں دیکھ رہی ہیں کہ پاکستان پوری قوت سے انکے ساتھ کھڑا ہے۔عامر محمود کیانی نے مزید کہا کہ بھارت سرکار کو کشمیریوں کا حق خودارادیت تسلیم کرنا ہوگا۔ وہ دن اب زیادہ دور نہیں جب آزادی کا سورج جنت نظیر کشمیر میں طلوع ہوگا۔

مرکزی نائب صدر زاہد حسین کاظمی نے کہا کہ پوری جرات سے کشمیریوں کی آواز بننے اور بھارت کو واضح پیغام دینے پر قوم وزیراعظم عمران خان کی شکرگزار ہے۔ بھارت کشمیریوں کو مزید غلام بنا کر نہیں رکھ سکتا۔وزیراعظم عمران خان کی صورت میں مظلوم کشمیریوں کو توانا آواز میسر آچکی ہے۔آج دنیا بھر کے اہم فورمز پر کشمیر کی آواز گونج رہی ہے۔

او آئی سی، یورپی یونین اور اقوام متحدہ سے بھارت کے مظالم کے خلاف آوازیں بلند ہورہی ہیں۔زاہد کاظمی نے مزید کہا کہ امریکہ و برطانیہ کے ایوانوں سے بھی کشمیریوں کے حق میں آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں وزیراعظم عمران خان کا خطاب بھی تاریخی اہمیت کا حامل ہوگا، نیویارک کے گلی کوچوں سے دنیا فاشسٹ مودی کی مذمت میں آوازیں سنے گی۔ مودی دنیا میں جہاں بھی جائے گا سفاک قاتل کے طور پہچانا جائے گا۔ تحریک انصاف دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کو ساتھ ملا کر اپنے کشمیری بھائیوں کی آواز میں آواز ملائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ اہل کشمیر کیلئے حق خود ارادیت کے حصول تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں