مظفرگڑھ میں بیوی نے شوہر پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی

متاثرہ شخص کا جسم 60 فیصد تک جھلس گیا، تشویش ناک حالت میں ہسپتال منتقل، 2 خواتین کو گرفتار کر لیا گیا

muhammad ali محمد علی پیر 20 جون 2022 20:33

مظفرگڑھ میں بیوی نے شوہر پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی
مظفرگڑھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 جون2022ء) مظفرگڑھ میں بیوی نے شوہر پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی، متاثرہ شخص کا جسم 60 فیصد تک جھلس گیا، تشویش ناک حالت میں ہسپتال منتقل، 2 خواتین کو گرفتار کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ضلع مظفرگڑھ کے علاقے علی پور میں میاں بیوی کے درمیان ہونے والا گھریلو جھگڑا خوفناک شکل اختیار کر گیا۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق مبینہ طور پر بیوی نے پٹرول چھڑک کر اپنے شوہر کو آگ لگا دی۔

پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ دونوں میاں بیوی میں اکثر جھگڑا رہتا تھا اور مقدمہ بازی بھی چل رہی تھی۔ پٹرول چھڑک کر آگ لگانے کے واقعے میں متاثرہ شخص کا جسم بری طرح جھلس گیا جس کے بعد اسے تشویش ناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق متاثرہ شخص کی بیوی سمیت 2 خواتین کو گرفتار کر لیا گیا ہے، واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ 2 روز قبل فیصل آباد میں بھی ایسا ایک تشویش ناک واقعہ پیش آیا تھا، جہاں زیادتی کی کوشش ناکام بنانے والی خاتون کو پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی گئی تھی۔ جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق درندہ صفت ملزم نے ایک معصوم لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنانے کی کوشش کی اور پھر لڑکی پر پٹرول چھڑک کر آگ بھی لگا دی۔ واقعہ ڈجکوٹ کے علاقے میں پیش آیا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم جس گھر میں بطور کرایہ دار رہ رہا تھا، اسی گھر کے مالک کی بیوی کو گھر میں اکیلا پا کر زیادتی کا نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ تاہم خاتون کی جانب سے مزاحمت کرنے پر ملزم نے خاتون کو آگ لگا دی اور فرار ہو گیا۔
                                    

مظفر گڑھ میں شائع ہونے والی مزید خبریں