مظفرگڑھ،یوم عاشور۔ضلع بھر میں 165 ماتمی جلوس اور 300 مجالس منعقدہونگی

جمعرات 20 ستمبر 2018 21:44

مظفرگڑھ۔20 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2018ء) ڈپٹی کمشنر قیصر سلیم اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فیصل شہزاد نے کہا ہے کہ یوم عاشور کے ماتمی جلوسوں ، مجالس اور شام غریباں کی مجالس کی فول پروف سیکورٹی کیلئے زبردست انتظامات کیے گئے ہیں اور تمام حساس پروگراموں کے علاوہ یوم عاشور کے ہر پروگرام کی سیکورٹی کو یقینی بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ اور ضلع پولیس پوری طرح مستعد اور چوکس ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار ضلع کے مختلف امام بارگاہوں اور ماتمی جلوسوں کے روٹوں کے معائنہ کے موقع پر موجود امن کمیٹی کے ارکان اور بانیان مجالس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے بتایا کہ محرم سیکورٹی پلان کے مطابق یوم عاشور10 محرم کوضلع بھر میں 165 ماتمی جلوس برآمد ہونگے جبکہ مختلف مقامات پر 300 مجالس عزا منعقدہونگی۔

(جاری ہے)

ان تمام پروگراموں کی فول پروف سیکورٹی کیلئے ساڑھی3 ہزار سے زائد پولیس اہلکار،رضاکار، ایلیٹ فورس کے جوان اور افسران سیکورٹی ڈیوٹی سر انجام دیں گے جبکہ حساس ماتمی جلوسوں اور حساس مقامات پر منعقد ہونیوالی مجالس میں سیکورٹی کیلئے واک تھرو گیٹس اورجلوسوں کے روٹس پر سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کیے گئے ہیں،انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب نے سیکورٹی خدشات کے پیش نظر موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر مکمل پابندی عائدکی ہے ، جس پر سختی سے عمل درآمد کرایا جا رہا ہے۔

انہوں نے امن کمیٹیوں کے ارکان ، بانیان مجالس اور لائسنسداران تعزیہ پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں سیکورٹی ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں اور انتظامی افسران کی رہنمائی کریں اور کہیں بھی کوئی مسئلہ درپیش ہو تو انہیں فوری طور پر آگاہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ پورے ضلع میں سیکورٹی کے سخت ترین اقدامات کیے گئے ہیں لیکن اس کے باوجود بھی کسی قسم کی شرپسندی کے خدشہ کے پیش نظرضروری ہے کہ اجنبی اور مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جائے اور کسی بھی شخص کو مناسب تلاشی کے بغیر مجلس یا ماتمی جلوس کے اندر داخل نہ ہونے دیا جائے۔

انہوں نے بتایا کہ ضلع مظفرگڑھ کے مختلف مقامات پر منعقد ہونیوالی حساس نوعیت کی 92 مجالس اور انتہائی حساس نوعیت کے 35 عزاداری کے جلوسوں کی سیکورٹی کیلئے اضافی نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ حساس نوعیت کے تمام ماتمی جلوسوں اور مجالس کی خصوصی طور پر مانیٹرنگ بھی کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ وہ ضلع مظفرگڑھ کے تمام عزاداروں کو یقین دلاتے ہیں کہ ضلعی انتظامیہ انہیں ہمہ قسمی سیکورٹی اور سہولیات فراہم کریگی تاہم انہیں بھی چوکس اور محتاط رہنا ہوگا۔

متعلقہ عنوان :

مظفر گڑھ میں شائع ہونے والی مزید خبریں