مظفر گڑھ،عشرہ شان رحمت اللعالمین ﷺ بڑے عقیدت و احترام اور شایان شان طریقہ سے منایا جارہا ہے

ہفتہ 16 اکتوبر 2021 19:15

مظفر گڑھ۔16اکتوبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2021ء) :ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احسان الحق نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں عشرہ شان رحمت اللعالمین ﷺ بڑے عقیدت و احترام اور شایان شان طریقہ سے منایا جارہا ہے، تمام طبقہ فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اپنے اپنے انداز میں حضرت محمدﷺ سے اپنے محبت کا اظہار کررہے ہیں۔

یہ بات انہوں نے جشن عید میلاد البنی ﷺ کے سلسلے میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سی ای او تعلیم سید کوثر بخاری، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر سلیم احمد، سول ڈیفنس آفیسر سیدہ سحرش ارشاد، مرکزی میلاد کمیٹی کے عہدیدار طارق شریف، محی الدین، غلام علی بخاری بھی موجود تھے۔ اے ڈی سی جی احسان الحق نے بتایا کہ 12ربیع الاول کی مرکزی تقریب ضلع کونسل کے جناح آڈیٹوریم میں منعقد ہوگی جس میں ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا سمیت ضلعی محکموں کے افسران، سول سوسائٹی، علماء ومشائخ  اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جشن عید میلاد النبی ﷺ کے جلسے اور جلوسوں کے راستوں کی صفائی کیلئے متعلقہ میونسپل کمیٹیوں کو ہدایت کردی گئی  ہے، پولیس بھی سیکورٹی کے انتظامات کررہی ہے۔ تمام ادارے مکمل دلجمعی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام سرکاری و نجی ادارے اپنی اپنی سطح پر محفل میلاد کا انعقاد کررہے ہیں۔ سرکاری عمارات پر رات کا چراغاں کیا جارہا ہے، سکولوں اور کالجز میں مختلف تقاریب کا اہتمام کیا جارہا ہے۔

اجلاس میں طارق شریف، تحصیل جتوئی سے مفتی عابد شفیع، تحصیل کوٹ ادو سے عبدالرشید نے اپنے اپنے خطاب میں کہا کہ محفل میلاد کے سلسلے میں جلسے اور جلوسوں کے لئے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے معقول انتظامات کئے گئے ہیں صفائی کا خاص خیال رکھا گیا ہے انتظامیہ کی طرف سے کئے گئے انتظامات پر ہم مطمین ہیں۔ 

مظفر گڑھ میں شائع ہونے والی مزید خبریں