گوشت کے استعمال میں اعتدال برتنے کی ہدایت

جمعہ 16 اگست 2019 15:34

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2019ء) طبی ماہرین نے قربانی کے گوشت کے استعمال میں اعتدال اور احتیاط کی ہدایت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ گوشت کے غیر ضروری استعمال سے معدے اور پیٹ کے امراض لاحق ہو سکتے ہیں۔ معروف معالج ڈاکٹر شیخ محمد نسیم نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایاکہ شہری گوشت ضرور کھائیں لیکن اس ضمن میں اعتدال اور احتیاطی تدابیر کو بھی ملحوظ خاطر رکھیں۔

ڈاکٹر شیخ محمد نسیم نے گوشت کھانے میں احتیاط کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ گوشت کے پکوانوں میں زیادہ مرچ مصالحے نہ ڈالیں نیز ان پر سبز دھنیے کی گارنش ضرور کریں گوشت کے ہمراہ سلاد خصوصاً پودینہ، لیموں اوردہی کا رائتہ استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ گوشت کا ضرورت سے زیادہ استعمال اگر فوری طورپرنقصان نہ دے تو بھی آنے والے دنوں میں کئی دیگر امراض کا سبب بن سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

جوڑوں کے درد ،ہائی بلڈ پریشراور شوگر کے مریض گوشت کم کھائیں۔یورک ایسڈ کی زیادتی اور گردوں کے مریض گوشت کا استعمال اپنے معالج کے مشورے پرہی کریں۔خصوصاً دل کے مریض چربی والا گوشت ،گردے ،مغز،سری پائے اورکلیجی وغیرہ استعمال نہ کریں کیونکہ چربیلے مادے کولیسٹرول کی شکل اختیار کر لیتے ہیں۔ بکرے کا گوشت ہر عمر اورہر مرض کے افراد کے لئے ضروری ہے جبکہ گائے کا گوشت خارش ،جگر، ہائی بلڈ پریشر ہائی کولیسٹرول بواسیر شوگر کے مریض احتیاط کے ساتھ استعمال کریں۔

متعلقہ عنوان :

ننکانہ صاحب میں شائع ہونے والی مزید خبریں