بابا گورونانک کے دربار کے گرد تعمیرات نہیں کی جائیں گی، حکومت

دربار کے گرد تعمیرات نہ کرنے کا فیصلہ نوجوت سنگھ سدھو کی تجویز پر کیا گیا ہے

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ بدھ 20 مارچ 2019 21:12

بابا گورونانک کے دربار کے گرد تعمیرات نہیں کی جائیں گی، حکومت
ننکانہ صاحب(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ2019ء) وفاقی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ننکانہ صاحب میں موجود بابا گورو نانک کے دربار کے اردگرد موجود زرعی زمیں پر تعمیرات نہیں کی جائیں گی۔ حکومت نے یہ فیصلہ نوجوت سنگ سدھو کی تجویز پر کیا۔ نوجوت سنگھ سدھو نے پاکستان کی وفاقی حکومت کو تجویز دی تھی کہ بابا گورو نانک کے دربار کے ارد گرد موجود دربار کی زرعی زمین پر تعمیرات نہ کی جائیں بلکہ ان پر وہی سبزیاں اگائی جائیں جو بابا گرونانک اگاتے تھے جس پر وفاقی حکومت نے اس تجویز کو قبول کر لیا ہے اور فیصلہ کیا ہے کہ اس زرعی زمین پر اب سبزیاں ہی اگائی جائیں گی۔

حکومت کا کہنا ہے کہ نوجوت سنگھ سدھو کی اور بھی تجاویز سے بھی استفادہ کیا جائے گا۔ بھارت کے سابق سکھ کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے دو ماہ پہلے وزیر اعظم عمران خان کو خط لکھ کر مطالبہ کیا تھا کہ بابا گرو نانک دربارکی زمین کو ورثے کا درجہ دے دیا جائے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت نے ایک راہداری بنانے کا فیصلہ کیا ہے جس سے سکھ یاتری پاکستان آ سکیں گے اور بابا گرو نانک کے دربار پر حاضری دےسکیں گے۔ نوجوت سنگھ سدھو اس حوالے سے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس حوالے سے بھارت کے ساتھ معاملات طے پا گئے ہیں اور اب ہر سال ہزاروں سکھ زائرین پاکستان آ کر گورو نانک دربار پر حاضری دیا کریں گے۔

ننکانہ صاحب میں شائع ہونے والی مزید خبریں