پاکستان میں اقلیتوںسمیت سب کا بھائی چارے کیساتھ رہنا مثال ہے،غیر ریاستی عناصربھائی چارے کی فضا خراب کرنا چاہتے ہیں،وزیرداخلہ

بھائی چارے اور اخوت کے خلاف سوچنے والے ملک و قوم کے دشمن ہیں،کچھ ایسے بھی ممالک ہیں جن کو سکھ مسلم دوستی پسند نہیں، بریگیڈئیر(ر) اعجاز احمد شاہ کا اجلاس سے خطاب

اتوار 5 جنوری 2020 16:15

ننکانہ صاحب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جنوری2020ء) وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئیر(ر) اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ ملک پاکستان میں اقلیتوںسمیت سب کا بھائی چارے کے ساتھ رہنا مثال ہے،غیر ریاستی عناصربھائی چارے کی فضا خراب کرنا چاہتے ہیں،بھائی چارے اور اخوت کے خلاف سوچنے والے ملک و قوم کے دشمن ہیں۔وہ ڈپٹی کمشنر آفس کے آفس چیمبرمیں امن کمیٹی کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔

اس موقع پرصوبائی وزیر میاں محمودالرشید، ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب راجہ منصور احمد،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اسماعیل الرحمن کھاڑک کے علاوہ دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر راجہ منصور احمدنے وفاقی وزیر داخلہ برگیڈئیر (ر) اعجاز احمد شاہ کوضلع بھر کے تمام امن کمیٹی ممبران سے کی گئی مشاورت بارے تفصیل سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر آفس چیمبر میں وفاقی وزیر داخلہ برگیڈئیر (ر) اعجاز احمد شاہ کوضلع بھر میں جاری ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ترقیاتی سکیموں کے معیاراور کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا تمام متعلقہ افسران ضلع بھر میں جاری ترقیاتی سکیموں کو جلد از جلد مکمل کریںاور ان ترقیاتی کاموں میں استعمال ہونے والے میٹریل کے معیار پرکسی قسم کا بھی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اگر کسی بھی سکیم میں ناقص میٹریل استعمال ہونے کی نشاندہی ہوگئی تو ٹھیکیدار اور متعلقہ محکمے کے افسران کے خلاف قانون کے مطابق سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

بعدازاں وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے گوردوارہ جنم استھان کا دورہ کیا گوردوارہ جنم استھان میںجاری سکھ کمیونٹی کی تقریب میں شرکت کی۔تقریب میں شرکت کے دوران انہوں نے کہا کہ سکھ بھائیوں کی خوشیوں میں شرکت کرکے بے حد خوشی ہوتی ہے ،وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت ہے کہ سکھ بھائیوں سے مل کے ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں،جتنی اقلیتیں ننکانہ صاحب میں بھائی چارے کے ساتھ دے رہی ہیں پاکستان کے کسی دوسرے شہر میں ایسی مثال نہیں ملتی۔

وفاقی وزیر داخلہ نے میڈیا نمائندگان سے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ ملک پاکستان میں اقلیتوںسمیت سب کا بھائی چارے کے ساتھ رہنا مثال ہے،غیر ریاستی عناصربھائی چارے کی فضا خراب کرنا چاہتے ہیں،بھائی چارے اور اخوت کے خلاف سوچنے والے ملک و قوم کے دشمن ہیں ،نفرت پھیلانے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔اس موقع پر صوبائی وزیرہائوسنگ میاں محمودالرشید نے کہاکہ جن لوگوں نے ننکانہ صاحب میں انتشار پھیلانے کی کوشش کی وہ قابل مذ مت ہے ،سکھ کمیونٹی کے ساتھ بھائی چارہ ملک دشمن قوتوں کو ایک آنکھ نہیں بہا رہا۔

اس موقع پر اقلیتی ایم پی اے مہندرپال سنگھ نے وفاقی و صوبائی وزراء کی ننکانہ صاحب آمد پر سکھ کمیونٹی کی جانب سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہم سب کا گھر ہے اور اس کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے ،موجودہ حکومت اسلام کی تعلیمات پر عمل پیرا ہے۔وفاقی وزیر داخلہ برگیڈئیر(ر) اعجاز احمد شاہ نے اقلیتی ایم پی اے مہندرپال سنگھ کے ہمراہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں انتہائی نگہداشت وارڈاور کیپٹن حسنین نواز شہید ایم سی ہائی سکول کے نیو بلا ک کاافتتاح کیا اور کیپٹن حسنین نواز شہید ایم سی ہائی سکول کے گرائونڈمیں پودا لگاکر شجر کاری مہم کا افتتاح بھی کی۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان عوام الناس کو طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے دن رات کوشاں ہے ،پی ٹی آئی کی حکومت کے دوران ترقیاتی کاموں سے ننکانہ صاحب کا نقشہ بدل دیا جائے گا۔علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے ریلوے پھاٹک کے قریب نئی تعمیر ہونے والی آبشار کا بھی افتتاح کیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ نے ڈپٹی کمشنر ننکانہ راجہ منصور احمد کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈی سی ننکانہ صاحب راجہ منصوراحمد عوام الناس کی فلاح و بہبود کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔

میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئیر ریٹائرڈ اعجاز شاہ نے ننکانہ صاحب میں پیش آنے والے واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملکی سالمیت اور بھائی چارے کے دشمنوں کے گھناؤنی سازش کی۔انہوں نے کہا کہ عالمی میڈیا میں ننکانہ صاحب میں پیش آنے والے واقعے کو توڑ موڑ کر پیش کیا گیا، وزیر اعظم عمران خان اور ہماری ہمدردیاں سکھ کمیونٹی کے ساتھ ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ واقعے کا مقدمہ درج ہو چکا ہے، تمام ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔اس موقع پر پارلیمانی سیکریٹری سردار مہندر پال سنگھ کا کہنا تھا سکھ کمیونٹی سے اظہار یکجہتی پر حکومت پاکستان اور پنجاب حکومت کے مشکور ہیں۔سردار مہندر پال سنگھ نے کہا کہ پاکستان میں تمام اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔

ننکانہ صاحب میں شائع ہونے والی مزید خبریں