ننکانہ صاحب: ڈپٹی کمشنر راجہ منصور احمد کی زیر قیادت یکجہتی کشمیر کے سلسلہ میں ریلی کا انعقاد

ریلی میں مختلف محکموں اور اداروں کے اعلیٰ افسران کے علاوہ طلباء اور عوام الناس کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 20 ستمبر 2019 16:57

ننکانہ صاحب: ڈپٹی کمشنر راجہ منصور احمد کی زیر قیادت یکجہتی کشمیر کے سلسلہ میں ریلی کا انعقاد
ننکانہ صاحب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،20ستمبر 2019ء، نمائندہ خصوصی، عبدالقدوس ملک) تفصیل کے مطابق پورے پاکستان کی طرح ضلع ننکانہ صاحب میں بھی بھارتی مظالم اور کشمیری بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے بہت بڑی ریلیاں نکالی گئیں۔ ڈپٹی کمشنر آفس سے نکالی جانے والی ریلی کی قیادت ڈپٹی کمشنر ننکانہ راجہ منصور احمد نے کی۔ریلی میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) احمد کمال،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس اینڈ پلاننگ) رانا امجد،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) اسد مگسی،اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ سونیا کلیم، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شکیل احمد ،وفاقی وزیر داخلہ کے کوارڈینیٹرپیر سرور شاہ سمیت تمام اداروں کے افسران و ملازمین کے علاوہ طلباء اور عوام الناس کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

ریلی کے شرکاء نے کشمیرمیں بھارتی مظالم اور بربریت کے خلاف پلے کارڈز اور بینرز اٹھارکھے تھے جن پر مودی حکومت مردہ باد اور بھارتی فوج مردہ باد کے نعرے درج تھے ریلی کے شرکاء نے بھارت کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی ریلی ڈپٹی کمشنر آفس سے شروع ہوکر تحصیل موڑ پر اختتام پذیر ہوئی۔

(جاری ہے)

دوسری ریلی کا آغاز گورنمنٹ ایم سی گرلز ہائی سکول سے ہوا۔

ریلی میں خواتین اساتذہ سمیت طالبات نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی اور مودی حکومت اور بھارتی افواج کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔ریلی کی قیادت ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب راجہ منصور احمداور کوارڈینیٹر وفاقی وزیر داخلہ پیر سرور شاہ نے کی اس موقع پر ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پیر سرور شاہ نے کہا کہ کشمیرپاکستان کی شہ رگ ہے بھارت کا جنونی رویہ خطے کے امن کے لیے بڑا خطرہ ہے۔

پاکستانی فوج اور پاکستانی قوم ہمہ وقت تیارہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کی بہترین سفارتکاری کی بدولت کشمیر ایک بین الاقوامی ایشو بن گیا ہے۔ او آئی سی نے ہمارے موقف کی تائید کی۔ اب وزیر اعظم پاکستان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز سے اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں رواں صدی کا بدترین المیہ رونما ہونے کا خدشہ ہے۔

خوراک، ادویات اور دیگرضروریات کی کمی کی وجہ سے کشمیر میں انسان مر رہے ہیں اور مودی کا اپنا قبلہ درست کرکے مذاکرات کی میز پر آنا چاہیے نہیں تو پوری قوم افواج پاکستان نے شانہ بشانہ بھارتی مظالم کے خلاف لڑے گی۔ اس موقع پرڈپٹی کمشنر ننکانہ راجہ منصور احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج ہماری بیٹیاں بھی کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے خلاف ہزاروں کی تعداد میں احتجاج کررہی ہیں ۔

مودی کو ہوش کے ناخن لینے چاہیے انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیرپر زبردستی تسلط قائم نہیں رکھ سکتاپاکستان ہر فورم پر مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے کشمیریوں سے جینے کا حق نہ چھینا جائے بھارت کرفیو ختم کرکے بے گناہ قید شہریوں کو رہا کرے اور مواصلاتی پابندیوں کو فی الفور ختم کرکے مذاکرات کرے انہوں نے کہا کہ کشمیر کے معاملے پر کسی بھی حد تک جائیں گے مودی نے ہندو ذہنیت کے ساتھ مسلمانوں پر ظلم و ستم کی انتہا کر دی ہے عالمی برادری مودی کے اس اقدام پر نوٹس لے کشمیر کے ایک کروڑ اور پاکستان کے 22کروڑعوام نے کشمیری بن کر اپنا مقدمہ دنیا کے سامنے پیش کر دیا ہے انہوں نے کہا کہ مشکل کی گھڑی میں پوری قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے مودی کی ہٹ دھرمی خطے کے امن کے لیے خطرہ بن چکی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم پاکستان نے نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم اور بربریت کے خلاف عالمی ضمیر کو جھنجھوڑا ہے اور وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران بھی پاکستان اور کشمیر کے عوام کو آواز بنیں گے۔ اور اپنے خطاب میں کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کو بھرپور طریقے سے اجاگر کریں گے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پاکستانی قوم ہر طرح سے کشمیریوں کے ساتھ ہے اور کسی بھی صورت میں انہیں تنہا نہیں چھوڑے گی۔

ریلیوں کے اختتام پر ملک کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے دعا بھی کی گئی۔اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر تعلیم جاوید اقبال بابر نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کاہ کہ پاکستان کا بچہ بچہ کشمیریوں کی خاطر اپنی جان دینے کے لیے تیار ہے مودی اوچھے ہتھکنڈوں سے باز آجائے افواج پاکستان اور پوری قوم یکجا ہوکر مودی حکومت اور بھاری افواج کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔

ننکانہ صاحب میں شائع ہونے والی مزید خبریں