قصور،ڈکیتی مزاحمت پر فیکٹری ورکر کو قتل کرنے والے تین خطرناک ملزمان کو ٹریس کرکے گرفتار کرلیا گیا

منگل 16 اپریل 2019 23:47

قصور۔16 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2019ء) تھانہ صدر پھولنگر پولیس کی کاروائی، دو ماہ قبل،کوٹ اجاگر سنگھ کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر فیکٹری ورکر شرافت علی کو قتل کرنے والے تین خطرناک ملزمان کو ٹریس کرکے گرفتار کرلیا گیا ، ملزمان کے قبضہ سے واردات کے دوران استعمال ہونے والا ناجائز اسلحہ برآمد،ڈی پی اوقصور عبدالغفار قیصرانی نے پولیس ٹیموں کو شاباش دی۔

تفصیلات کے مطابق مورخہ 11فروری کو کانویں جھوک کے رہائشی صداقت علی نے تھانہ صدر پھولنگر پولیس کو اطلاع دی کہ میرا بھائی شرافت علی ہمراہ محمد ارشد بسواری موٹرسائیکل فیکٹری سے واپس گھر آرہے تھے کہ کوٹ اجاگر سنگھ کے قریب فصل کماد سے اچانک تین کس نامعلوم ملزمان مسلح آتشیں اسلحہ سامنے آگئے جنہوں نے شرافت علی کو ڈکیتی کی نیت سے روکنے کی کوشش کی لیکن شرافت علی نے موٹرسائیکل نہ روکی اور بھگا دی تو ملزمان نے فائرنگ کردی جس سے میرا بھائی شرافت علی موقعہ پر جاں بحق ہوگیا ،اور ملزمان موقعہ سے فرار ہوگئے۔

(جاری ہے)

تھانہ صدر پھولنگر پولیس نے مقدمہ درج کرکے نامعلوم ملزمان کی گرفتاری کیلئے ایس پی انویسٹی گیشن معاذ ظفر کی خصوصی ہدایات پر ایس ایچ او صدر پھولنگر محمد اعظم ڈھڈی و دیگر پولیس ملازمین پر مشتمل سپیشل ٹیم تشکیل دی، واردات کو ٹریس کرنے کیلئے جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال کیاگیا ، جائے وقوعہ کی جیو فینسنگ بھی کروائی گئی اور پولیس ٹیم نے اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کا ر لاتے ہوئے واردات میں ملوث تین خطرناک ملزمان رمضان عرف جانی، ناظم عرف شیری اور بابر جٹ کو گرفتار کرلیا ،ملزمان کے قبضہ سے واردات میں استعمال ہونیوالا ناجائز اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔ ڈی پی اوقصور عبدالغفار قیصرانی نے اچھی کارکردگی پر تھانہ صدر پھولنگر پولیس کو شاباش دی ہے۔

ننکانہ صاحب میں شائع ہونے والی مزید خبریں