پاکستان میں اقلیتوںسمیت سب کا بھائی چارے کے ساتھ رہنا مثالی ہے،غیر ریاستی عناصربھائی چارے کی فضا خراب کرنا چاہتے ہیں،بھائی چارے اور اخوت کے خلاف سوچنے والے ملک و قوم کے دشمن ہیں،وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ

اتوار 5 جنوری 2020 16:30

ننکانہ صاحب ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جنوری2020ء) وفاقی وزیر داخلہ برگیڈئیر (ر) اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں اقلیتوںسمیت سب کا بھائی چارے کے ساتھ رہنا مثالی ہے،غیر ریاستی عناصربھائی چارے کی فضا خراب کرنا چاہتے ہیں،بھائی چارے اور اخوت کے خلاف سوچنے والے ملک و قوم کے دشمن ہیں۔ اتوار کو وفاقی وزیر داخلہ برگیڈئیر (ر) اعجاز احمد شاہ کی زیرصدارت ڈپٹی کمشنر چیمبرمیں امن کمیٹی کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

اس موقع پرصوبائی وزیر میاں محمودالرشید، ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب راجہ منصور احمد،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اسماعیل الرحمن کھاڑک کے علاوہ دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر راجہ منصور احمدنے وفاقی وزیر داخلہ برگیڈئیر (ر) اعجاز احمد شاہ کوضلع بھر کے تمام امن کمیٹی ممبران سے کی گئی مشاورت بارے تفصیل سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر آفس چیمبر میں وفاقی وزیر داخلہ برگیڈئیر (ر) اعجاز احمد شاہ کوضلع بھر میں جاری ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ترقیاتی سکیموں کے معیاراور کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا تمام متعلقہ افسران ضلع بھر میں جاری ترقیاتی سکیموں کو جلد از جلد مکمل کریںاور ان ترقیاتی کاموں میں استعمال ہونے والے میٹریل کے معیار پرکسی قسم کا بھی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اگر کسی بھی سکیم میں ناقص میٹریل استعمال ہونے کی نشاندہی ہوگئی تو ٹھیکیدار اور متعلقہ محکمے کے افسران کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

بعد ازاں وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے گوردوارہ جنم استھان کا دورہ کیا گوردوارہ جنم استھان میںجاری سکھ کمیونٹی کی تقریب میں شرکت کی۔تقریب میں شرکت کے دوران انہوں نے کہا کہ سکھ بھائیوں کی خوشیوں میں شرکت کرکے بے حد خوشی ہوتی ہے ،وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت ہے کہ سکھ بھائیوں سے مل کے ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں،جتنی اقلیتیں ننکانہ صاحب میں بھائی چارے کے ساتھ دے رہی ہیں پاکستان کے کسی دوسرے شہر میں ایسی مثال نہیں ملتی۔

وفاقی وزیر داخلہ نے میڈیا نمائندگان سے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ ملک پاکستان میں اقلیتوںسمیت سب کا بھائی چارے کے ساتھ رہنا مثال ہے،غیر ریاستی عناصربھائی چارے کی فضا خراب کرنا چاہتے ہیں،بھائی چارے اور اخوت کے خلاف سوچنے والے ملک و قوم کے دشمن ہیں ،نفرت پھیلانے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔اس موقع پر صوبائی وزیرہا?سنگ میاں محمودالرشید نے کہاکہ جن لوگوں نے ننکانہ صاحب میں انتشار پھیلانے کی کوشش کی وہ قابل مذ مت ہے ،سکھ کمیونٹی کے ساتھ بھائی چارہ ملک دشمن قوتوں کو ایک آنکھ نہیں بہا رہا۔

اس موقع پر اقلیتی ایم پی اے مہندرپال سنگھ نے وفاقی و صوبائی وزراء کی ننکانہ صاحب آمد پر سکھ کمیونٹی کی جانب سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہم سب کا گھر ہے اور اس کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے ،موجودہ حکومت اسلام کی تعلیمات پر عمل پیرا ہے۔وفاقی وزیر داخلہ برگیڈئیر(ر) اعجاز احمد شاہ نے اقلیتی ایم پی اے مہندرپال سنگھ کے ہمراہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں انتہائی نگہداشت وارڈاور کیپٹن حسنین نواز شہید ایم سی ہائی سکول کے نیو بلا ک کاافتتاح کیا اور کیپٹن حسنین نواز شہید ایم سی ہائی سکول کے گرا?نڈمیں پودا لگاکر شجر کاری مہم کا افتتاح بھی کی۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان عوام الناس کو طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے دن رات کوشاں ہے ،پی ٹی آئی کی حکومت کے دوران ترقیاتی کاموں سے ننکانہ صاحب کا نقشہ بدل دیا جائے گا۔علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے ریلوے پھاٹک کے قریب نئی تعمیر ہونے والی آبشار کا بھی افتتاح کیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ نے ڈپٹی کمشنر ننکانہ راجہ منصور احمد کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈی سی ننکانہ صاحب راجہ منصوراحمد عوام الناس کی فلاح و بہبود کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔

متعلقہ عنوان :

ننکانہ صاحب میں شائع ہونے والی مزید خبریں