سی پیک سے پاکستان کی آنے والی نسلوں کے لئے بہتر روز گار ہوگا، احسن اقبال

ہماری سیاست ترقی اور خدمت کی سیاست ہے، انتخابات ہمارے مستقبل کا فیصلہ کریں گے، عوام جمہوریت کے استحکام اور ترقی کیلئے شیر پرمہر لگا کر(ن)لیگ کو کامیاب کرائیں،سابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کارنر میٹنگ سے خطاب

پیر 16 جولائی 2018 17:16

سی پیک سے پاکستان کی آنے والی نسلوں کے لئے بہتر روز گار ہوگا، احسن اقبال
نارووال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 جولائی2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ انتخابات ہمارے مستقبل کا فیصلہ کریں گے عوام جمہوریت کے استحکام اور ترقی کے لیے شیر پرمہر لگا کرمسلم لیگ ن کو کامیاب کرائیں تاکہ سابقہ حکومت کی پالیسیوںاور ترقیاتی کاموں کا تسلسل جاری رہ سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محلہ رسولپورہ میں ایک کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے مستقبل کا فیصلہ عوام نے کرنا ہے عوام آئندہ انتخابات میں خدمت کو ووٹ دیں مسلم لیگ ن نے ملک سے دہشت گردی اور توانائی بحران کے خاتمے کی کامیاب جدوجہد کی ہے اور تمام انتخابی وعدے پورے کیے ہیں اس پر عوام کا اعتماد آج بھی قائم ہے انہوں نے کہا کہ عوام جانتے ہیں کہ کس نے ملک کی خدمت کی اور کس نے دھرنے دیئے لیکن ملک کو ترقی دینے والے لیڈر کو جیل میں بند کر دیا گیا، نواز شریف نے ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگایا، و وٹ کی عزت کا مطلب عوام کی عزت ہے لہذا اب عوام کا بھی فرض بنتا ہے اپنے ووٹ کی عزت کو بحال رکھنے کے لیی25 کو شیرکو ووٹ دے کے بھاری اکثریت سے کامیاب کرائیں ۔

(جاری ہے)

ہماری سیاست ترقی اور خدمت کی سیاست ہے۔ 5سال میں ضلع نارووال کی شکل بدل گئی ہے نارووال ایک پسماندہ ترین ضلع تھا آج تیزی سے ترقی کر رہا ہے ہم نے پچھلے پانچ سال میں نارووال میں تین یونیورسٹیاں بنائی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت نہ آئی تو ملک میں جاری ترقیاتی کام بند ہو جائیں گی2013 میں ملک میں 22گھنٹے تک بجلی نہیں آتی تھی اور ہماری حکومت نے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ وہ ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کر دیں گے پچھلی70سالوں میں صرف6ہزار میگا واٹ بجلی بنائی گئی لیکن ن لیگ کی حکومت نے پانچ سالوں میں 11ہزار میگا واٹ بجلی کو سسٹم میں شامل کیا جس اب نہ صرف ملک کی انڈسٹری بحال ہو رہی ہے مزدور طبقہ کا روز گار چل رہا ہے سی پیک ایک ایسا منصوبہ ہے جس سے پاکستان کے آنے والی نسلوں کے لئے بھی بہتر روز گار ہوگا لیکن عمران خان کو کیا معلوم سی پیک کیا چیز ہی ۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ن لیگ نے تمام تر مشکلات کے باوجود اپنے مشن کو جاری رکھا اور الحمداللہ جو وعدے عوام سے کیے تھے وہ پورے کر دئیے گئے ہمارے منصوبے ایسے ہیں جن کو تبدیلی کہتے ہیں جنہوں نے عوام کی خدمت کی ہے عوام پچھلے ترقیاقی منصوبوں کے تسلسل کو جاری رکھنے کیلئے 25جوالائی کو ووٹ شیر کو دیکر ثابت کر دیں گے انشاء اللہ پاکستان مسلم لیگ ن دوبارہ عوام کے ووٹوں کی طاقت سے برسراقتدار آکر ملک میں ترقی کا سفر جاری رکھے گی۔

نارووال میں شائع ہونے والی مزید خبریں