احسن اقبال کی جیت خطرے میں پڑ گئی

ابرار الحق نے این اے 78 کے نتائج کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس منگل 28 اگست 2018 23:36

احسن اقبال کی جیت خطرے میں پڑ گئی
ناروال (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔28اگست 2018ء) :احسن اقبال کی جیت خطرے میں پڑ گئی۔تحریک انصاف کے امیدوار ابرار الحق نے این اے 78 کے نتائج کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔تفصیلات کے مطابق ناروال کا حلقہ این اے 78بھی ملک کے اہم ترین حلقوں میں سے ایک ہے جہاں سابق وزیر داخلہ اور لیگی رہنما احسن اقبال کا پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ابرار الحق سے مقابلہ ہوا۔

مقابلہ کافی سخت رہا تاہم حتمی نتیجہ لیگی امیدوار احسن اقبال کے حق میں گیا۔این اے 78کے حتمی نتائج کے مطابق احسن اقبال نے ایک لاکھ 26ہزار 385ووٹ لے کر ابرار الحق کو شکست دے دی ہے جب کہ ابرارالحق 66ہزار 9سو 34 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔احسن اقبال نے بڑی لیڈ سے پی ٹی آئی امیدوار کو شکست دی تھی۔تاہم ابرار الحق ان نتائج سے خوش نہ تھے اور انہوں نے اس الیکشن کو دھاندلی زدہ قرار دے دیا۔

(جاری ہے)

تازہ ترین معلومات کے مطابق تحریکِ اںصاف کے رہنما ابرارالحق نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 78 کے نتائج کو لاہور ہائیکورٹ میں چینلج کر دیا ہے۔ ابرارالحق کی جانب سے دائر درخواست میں الیکشن کمیشن، ن لیگی رہنما احسن اقبال اور ریٹرننگ افسر کو فریق بنایا گیا ہے۔ انہوں نے اپنی درخواست میں الزام عائد کیا ہے کہ دھاندلی کر کے احسن اقبال کو جتوایا گیا۔ ابرارالحق کا درخواست میں موقف ہے کہ دھاندلی سے متعلق ریٹرننگ افسر کو درخواست دی لیکن کوئی کارروائی نہ ہو سکی۔یاد رہے کہ 25 جولائی 2018 کو ہونے والے انتخابات کے نتیجے میں تحریک انصاف نے 116 نشستیں حاصل کی تھیں جبکہ مسلم لیگ ن کو ان انتخابات میں 64 اور پاکستان پیپلز پارٹی کو 40 سے زائد نشستیں جیتیں تھیں۔

نارووال میں شائع ہونے والی مزید خبریں