ٹرمپ کا کشمیر پر ثالثی کا بیان ایک سازش تھی ہمیںامریکہ اور اقوام متحدہ سے زیادہ امیدیں وابستہ نہیں کرنی چاہئیں‘سراج الحق

حکومت نے ایک سال کے 365دنوں میں 365غلطیاں کی اور یو ٹرن لیے ،اسکی ترقی کا پہیہ مخالف سمت چلتا رہا، قوم کو مایوسیوں اور یو ٹرن کے علاوہ کچھ نہ مل سکا ‘امیر جماعت اسلامی

اتوار 18 اگست 2019 19:10

نارووال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2019ء) جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ٹرمپ کا کشمیر پر ثالثی کا بیان ایک سازش تھی ہمیںامریکہ اور اقوام متحدہ سے زیادہ امیدیں وابستہ نہیں کرنی چاہئیں، عالم اسلام کی قیادت بزدلوں کے ہاتھ میں ہے جماعت اسلامی 25اگست کو اگلے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی میرج ہال نارووال میں جماعت اسلامی کے زیراہتمام ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج انڈیا نے کشمیر کو جیل خانہ بنا رکھا ہے سری نگر ظلم و جبر کا نیا کربلا ہے ،انڈیا کی فائرنگ اور بزدلانہ حملوں سے ہماری مائیں بہنیں اور بچیاں ، مساجد میں نمازی اور طالب علم تک محفوظ نہیں، وہ پکار رہے ہیں کہ ہمیں موت قبول ہے لیکن غلامی کی زندگی قبول نہیں، کشمیر کا ہر بچہ آزادی کے لیئے کٹ مرنے کو تیار ہے۔

(جاری ہے)

انڈیا کا وزیر دفاع کہتا ہے کہ ہمارے پاس ایٹم بم موجود ہے لیکن جب ہم آگے بڑھے تو اسے ایٹم بم چلانے کا موقع نہیں ملے گا،مودی کی آواز اور اس کے ہتھکنڈے ختم ہو جائیں گے۔ سراج الحق نے کہا کہ ٹرمپ کا کشمیر پر ثالثی کا بیان ایک سازش تھی جس پر ہماری حکومت نے خوشیاں منائی کہ ہم نے ورلڈ کپ جیت لیا لیکن انڈیا نے پانچ اگست کو کشمیر کو اپنا حصہ بنا لیا ، ہمیںامریکہ اور اقوام متحدہ سے زیادہ امیدیں وابستہ نہیں کرنی چاہئیں، عالم اسلام کی قیادت بزدلوں کے ہاتھ میں ہے حکومت کو سیاسی اختلافات ایک طرف رکھ کر اس مسئلہ کی طرف توجہ دینی چاہیے حکومت نے قوم کو ایک کرنے کی بجائے اپنے اقدامات سے تقسیم کیا۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت نے ایک سال کے 365دنوں میں 365غلطیاں کی اور یو ٹرن لیے ،اسکی ترقی کا پہہ مخالف سمت چلتا رہا، قوم کو مایوسیوں اور یو ٹرن کے علاوہ کچھ نہ مل سکا ، روپیہ کاغذ کا ٹکرا بن کر رہ گیا ایک کروڑ نوکریاں ملنے کی بجائے مزید پانچ لاکھ لوگ بے روزگار ہو گئے،آئی ایم ایف کے لوگوں کو اہم عہدوں پر تعینات کیا گیا، سیمنٹ ،ادویات اور کھانے پینے کی اشیاء میں بے پناہ اضافہ ہوا۔

ہم حکومت سے کچھ نہیں چاہتے لیکن مطالبہ کرتے ہیں کہ اس نے قوم کو جو سبز باغ دکھائے اور وعدے کیے وہ پورے کیے جائیں۔ ہم حکومت کو مزید وقت دینا چاہتے ہیں تا کہ یہ مزید بے نقاب ہو جائے ،جماعت اسلامی ملک میںاسلامی نظام کے نفاذ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور 25اگست کو پشاور میں اپنے اگلے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔ورکرز کنونشن سے امیر جماعت اسلامی وسظی پنجاب جاوید قصوری، افتخار احمد، احسن عدیل، اور طلعت رشید نے بھی خطاب کیا۔

نارووال میں شائع ہونے والی مزید خبریں