شکارپور ،مسجد میں اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں مسجد کے امام سمیت 3 افراد جاں بحق

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے اور رضاکار تنظیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور لاشوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا، ذرائع

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری اتوار 30 جنوری 2022 22:57

شکارپور ،مسجد میں اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں مسجد کے امام سمیت 3 افراد جاں بحق
شکارپور(اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 30جنوری 2022) شکارپور میں انتہائی افسوسناک واقعہ، مسجد میں اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں مسجد کے امام سمیت 3 افراد جاں بحق، ملزم کی جانب سے فائرنگ کرنے کی وجہ سے سامنے آگئی۔ تفصیلات کے مطابق شکارپور کے علاقے گڑھی یاسین میں مسجد میں فائرنگ ہوئی جس کے نتیجے میں مسجد کے پیش امام سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔

نجی ٹی وی کے مطابق واقعہ شکارپور کے علاقے گڑھی یاسین کے قریب گوٹھ حبیب جکھرو میں پیش آیا۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے اور رضاکار تنظیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور لاشوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔پولیس نے بتایا کہ مسجد میں فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، جن کی شناخت پیش امام ارشاد منگرانی، دلشاد اور شمن کے ناموں سے ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے تاہم تحقیقات کے بعد ہی حتمی نتیجہ اخذ کیا جاسکتا ہے۔واقعے کے بعد پولیس نے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے لیکن تاحال کسی ملزم کی گرفتاری کی اطلاع نہیں ملی ہے۔واضح رہے کہ شکارپور میں اس سے قبل بھی دیرینہ دشمنی کے نتیجے میں فائرنگ کے کئی واقعات رونما ہوچکے ہیں جن میں اب تک درجنوں افراد اپنی زندگیوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔گزشتہ برس گڑھی یاسین تھانہ حدود گاؤں شاھم مارفانی میں مارفانی برادری کے دو گروپوں میں سیاہ کاری کے دیرینہ تنازعے پر تصادم ہوا تھا۔ دونوں گروپوں نے ایک دوسرے پر اندھا دھند فائرنگ کی، اور فائرنگ نتیجے میں دونوں فریقین کے چار افراد قتل ہو گئے تھے۔

نارووال میں شائع ہونے والی مزید خبریں