تھانہ ظفروال سے چند میٹر دور شاہراہ عام پر سویٹس شاپ پر ڈکیتی کی واردات

ظفر وال میں دِن دیہاڑے چوری اور ڈکیتی کی وارداتیں معمول بن چکی ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 20 اگست 2019 15:43

تھانہ ظفروال سے چند میٹر دور شاہراہ عام پر سویٹس شاپ پر ڈکیتی کی واردات
ظفروال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،20 اگست 2019ء، نمائندہ خصوصی، جنید مصطفی) ظفر وال شہر میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں گزشتہ کچھ عرصے سے ڈھیر اضافہ ہو چکا ہے۔ بدقسمتی سے پولیس کی جانب سے زیادہ تر وارداتوں میں ملوث افراد کا پتا نہیں چلایا جا سکا۔ پولیس کی کارکردگی کا اندازہ اس سے لگایا جا سکتا ہے کہ تھانہ ظفر وال سے چند میٹر دُور شاہراہ عام پر واقع مٹھائی کی دُکان میں بھی ڈکیتی کی واردات ہوئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اشفاق جنرل سٹور ظفروال سے ایک لڑکا کمیٹی کی رقم تیرہ لاکھ روپے لے کر لاہوری سویٹس پر دینے آیا۔ جب لڑکا دوکان پر پہنچا تو پیچھے سے آنے والے دو مسلح ڈاکوؤں نے گن پوائنٹ پر 13 لاکھ روپے لوٹ لئے۔ جبکہ اسی دوکان کے سامنے سے اس واردات سے پانچ منٹ پہلے پولیس والے کسی ملزم کو پکڑ کر لے کر گئے تھے۔

(جاری ہے)

اس سے فوری بعد بے خوف و خطر ہونے والی اس واردات نے پولیس کی کارکردگی پر ایک سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔

چند روز قبل بھی ایک نجی سگریٹ ایجنسی کی گاڑی کو دن دیہاڑے لوٹ لیا گیا تھا۔آئے روز کی دن دیہاڑے وارداتوں سے شہری اور کاروباری حضرات خوف میں مبتلا ہیں جن کے لیے سیکیورٹی کے نام پر کوئی چیز نہیں جبکہ پولیس بھی ان وارداتوں کی روک تھام میں ناکام نظر آتی ہے۔ظفر وال کے دُکانداروں نے ڈکیتی کی اس واردات پر اپنا احتجاج ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ اگر لُوٹ مار کی وارداتوں کی یہی شرح رہی تو ہر کوئی اپنا کاروبار بند کرنے کے بارے میں سوچنے پر مجبور ہو جائے گا۔

نارووال میں شائع ہونے والی مزید خبریں