ڈیرہ مرادجمالی، بارشوں نے نصیرآباد کے علاقے میں داخل ہوکر ربیع کینال ون اور ٹو کو بہت زیادہ نقصان پہنچایا،ریاض بلوچ

بدھ 24 اپریل 2019 22:52

ڈیرہ مرادجمالی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2019ء) سپرئٹنڈنگ انجنیئر ایریگیشن نصیرآبادریاض بلوچ نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال سے پٹ فیڈر کینال کے اندر سیلابی پانی داخل ہونے کے سبب بڑے پیمانے پر ریت اور مٹی داخل ہوگئی ہے اور ربیع کینال کو سیلاب نے سب سے زیادہ متاثر کر دیا ہے اگر پٹ فیڈر کینال کی فوری طور پر ڈیسلٹنگ نہ کی گئی تو آنے والے سیزن میں محکمہ ایریگیشن اور زمینداروں کو شدید مشکلات کاسامنا کرنا پڑے گا۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ایس ای ریاض بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں 13اور14اپریل کو شروع ہونے والی بارشوں نے سیلابی صورتحال اختیار کرکے نصیرآباد کے علاقے میں داخل ہوکر ربیع کینال ون اور ٹو کو شدید متاثر کرنے کے ساتھ ساتھ بہت زیادہ نقصان پہنچایا دوسری کوہ سلیمان سے آنے والے سیلابی ریلاکچھی کینال میں داخل ہونے کے بعد آرڈی 200اور235کے مقام پر پٹ فیڈرکینال میں پانچ بڑے شگاف لگاکر داخل ہوا جس کے باعث کینال میں سیلابی پانی کے ساتھ بڑے پیمانے پر ریت اور مٹی داخل ہوگئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پٹ فیڈر کینال کے متاثرہ مقامات کے سروے کے لئے ٹیمیں روانہ کردی گئی ہیں، جس کی مکمل رپورٹ آنے کے بعد سیکرٹری ایریگیشن کو بھیجوائی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ پٹ فیڈر کینال کی فوری ڈیسلٹنگ نہ کی گئی تو آنے والے سیزن میں زمینداروں اور کسانوں سمیت پورے علاقے کو شدید مشکلات کاسامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ پٹ فیڈر کینال کے ذیلی شاخوں کی بھل صفائی کا کام شروع کردیا گیا ہے کام کے مکمل ہونے سے ٹیل کے ذمینداروں اور کسانوں کی مشکلات کاازالہ ہوسکے گا ریاض بلوچ نے کہا کہ ذیلی شاخوں کی ڈیسلٹنگ کی کوالیٹی پر کسی بھی طرح کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ناقص کام کرنے والے ٹھیکیدار کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی ۔

نصیر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں