عوامی مسائل کے فوری حل کیلئے برق رفتاری سے اقدامات کئے جائیں گے،کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن

منگل 15 اکتوبر 2019 23:11

گوجرانوالہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2019ء) کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن ذوالفقار احمد گھمن نے کہا ہے کہ عوامی مسائل کے فوری حل کیلئے برق رفتاری سے اقدامات کئے جائیں گے اور اوپن ڈور پالیسی کے تحت وہ خود اور ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز اپنے دفاترمیں روزانہ 11 تا 12 بجے عوام الناس کے مسائل سننے کیلئے موجود ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کو ئی بھی شخص بلا رکاوٹ مقررہ اوقات میں اپنے مسائل ، شکایات او رمحکموں کی کارکردگی میں بہتری کے حوالہ سے تجاویز دے سکتا ہے۔

انہو ںنے واضح کیا کہ شکایات کے ازالہ اور جاری کردہ احکامات پر عمل درآمد کے جائزے کے لئے جدید طریقہ کار واضع کیا جائے گا تاکہ فرائض میں غفلت اور شکایات کے ازالہ میں عدم دلچسپی اور کو تاہی برتنے والوں کی مسلسل نشان دہی ہو تی رہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ سروس ڈیلیوری میں نمایاں بہتری اور حکومت پنجاب کے تر قیاتی فلاحی پروگراموں کی بروقت تکمیل ان کی ترجیحات میں سے ہوں گی اوراس سلسلہ میں تمام وسائل برو ئے کار لاتے ہو ئے حکومتی ایجنڈے پر عمل درآمد یقینی بنائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار اپنے دفتر میں منعقدہ ایک اجلاس کے دوران کیا۔ ایڈیشنل کمشنر کوارڈ نعمان حفیظ، ڈائر یکٹر ڈویلپمنٹ چودھری محمد اصغر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرذیشان حنیف، اسسٹنٹ کمشنر جنرل تنویر یاسین ، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو رانا منظور ، پروٹوکول / سٹاف آفیسر ندیم بٹ اور دیگر افسران نے اجلاس میں شر کت کی۔

نصیر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں