ڈپٹی کمشنر نوشہروفیروز کا محرم الحرام کے انتظامات کے سلسلے میں مجالس، ماتمی جلوسوں کے روٹ کا دورہ

جمعہ 14 ستمبر 2018 20:40

نوشہرو فیروز۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2018ء) ڈپٹی کمشنر انور علی شر نے بھریا سٹی میں محرم الحرام کے انتظامات کے سلسلے میں مجالس، ماتمی جلوسوں کے روٹ اور راستوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر بھریا عبدالستار بھیو اور وائس چیئرمین ٹائون کمیٹی ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر بھریا کو موقع پر ہدایات جاری کیں کہ امام بارگاہوں کے اطراف اور راستوں پر سے قبضے ختم کرائے جائیں۔

انہوں نے دکانداروں کو ہدایت کی کہ ایک دن کے اندر اپنا سامان راستوں، سڑکوں کے کناروں سے ہٹائیں ورنہ ان کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر صفائی، سیکورٹی سمیت دیگر تمام انتظامات کا جائزہ لیا اور بروقت ہدایات جاری کیں۔

(جاری ہے)

بعد ازاں ڈپٹی کمشنر انور علی شرنے تعلقہ اسپتال بھریا کا دورہ کیا۔ اسپتال کے دورے کے دوران ڈاکٹروں، عملے کی حاضری چیک کی۔

اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر جنید میمن کو ہدایات دیں کہ اسپتال میں صفائی ستھرائی کی حالت انتہائی خراب ہے اسے بہتر کیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے ایمرجنسی، ای پی آئی، میڈیکل اسٹور اور دیگر شعبوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے اسپتال میں موجود مریضوں سے ادویات کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور اسپتال کے ایم ایس کو ہدایت دی کہ اسپتال میں آنے والے تمام مریضوں کو سرکاری ادوایات فراہم کی جائیں۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے پبلک ہیلتھ کے افسران، ایکسین ورکس اینڈ سروسز سید اشفاق شاہ، ایکسین ایجوکیشن ورکس الطاف حسین میمن اور دیگر افسران کے ہمراہ ہالانی کے ڈرینج ڈسپوزل کا دورہ کیا اور حکم دیا کہ ڈسپوزل کی موٹروں کو رواں حالت میں رکھا جائے تاکہ ڈرینج کے مسائل فوری طور پر حل ہو سکیں۔

نوشہرو فیروز میں شائع ہونے والی مزید خبریں