ملکی تاریخ کے سب سے بڑے بجلی بریک ڈاؤن کی تحقیقات کے لئے اعلیٰ اختیاراتی کمیشن قائم کیا جانا چاہئے، وزیر توانائی امتیاز احمد شیخ

منگل 12 جنوری 2021 22:47

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جنوری2021ء) سندھ کے وزیر توانائی امتیاز احمد شیخ نے منگل کے روز سندھ اسمبلی اجلاس سے قبل صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے بجلی بریک ڈاؤن کی تحقیقات کے لئے اعلیٰ اختیاراتی کمیشن قائم کیا جانا چاہئے انہوں نے کہا کہ نااہلی چھپانے کے لئے معمولی درجے کے افسران اور اہلکاروں کو تختہ مشق بنایا گیا تاکہ اصل نااہلوں کو بچایا جاسکے۔

امتیاز احمد شیخ نے کہا کہ ہم نے دسمبر میں خبردار کردیا تھا کہ جنوری میں گیس نہیں ملے گی۔ جنوری کے لئے آر ایل این جی دیر سے ٹینڈر ہونے کی وجہ سے کسی کمپنی نے بڈ Bid نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پورے ملک کے پاور زون اور برآمدی صنعتوں کو گیس کی سپلائی بند ہے۔

(جاری ہے)

گیس کی بندش سے بیروزگاری میں اضافہ اور برآمدی شعبے کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔

گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہوگئے ہیں عوام لکڑیوں اور مہنگی ایل این جی پر کھانا بنانے پر مجبور ہیں۔وفاقی وزارت توانائی جنوری اور فروری کے لئے عوام کو جھوٹی تسلیاں دیتی رہی ہے۔اور اب تک جھوٹ سے کام لیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ تبدیلی نے عوام کے گھروں کے چولہے اور صنعتی زون کو بند کر دیا ہے کیا یہی تبدیلی ہی قوم کو بتایا جائے کہ وفاقی وزراء کی تربیت کا عمل کب مکمل ہوگا تین دن گزر جانے کے باوجود بھی بجلی کے ملک گیر بریک ڈاؤن کے نقص کا پتا نہیں چل سکا۔

گدو پاور کے نچلے درجے کے ملازمین کو برطرف کر کے عوام کو دھوکہ نہیں دیا جا سکتا۔انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ بریک ڈاؤن کے اصل حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت گیس کے معاملے پر آئین پر عمل درآمد کرنے کو تیار نہیں۔ سندھ اپنے وسائل پر آرٹیکل 158 کے مطابق عمل کروانا چاہتا ہے۔وفاق کی پالیسیوں سے عوام کے اندر احساس محرومی پیدا کیا جا رہا ہے۔

ہم کسی دوسرے صوبے کی حق تلفی نہیں چاہتے۔ آئین میں دیئے گئے اختیارات کے تحت وفاق سے اپنا حق مانگ رہے ہیں۔وفاقی کابینہ میں سندھ سے 6 وفاقی وزرائ ہونے کے باوجود ان کے اندر سندھ کے حقوق پر آواز بلند کرنے کا حوصلہ نہیں ہے۔ہم نے وفاق میں شامل ایم کیو ایم اور جی ڈی اے سے سندھ کے حقوق کے لیے تعاون کی درخواست کی مگر ان کو وزارتیں زیادہ عزیز ہیں۔

نوشہرو فیروز میں شائع ہونے والی مزید خبریں