ڈپٹی کمشنر نوشہروفیروز محمد تاشفین عالم کی زیر صدارت چہلم حضرت امام حسین کے انتظامات کے سلسلے اجلاس

جمعہ 24 ستمبر 2021 17:19

نوشہرو فیروز(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2021ء) ڈپٹی کمشنر نوشہروفیروز محمد تاشفین عالم کی زیر صدارت چہلم حضرت امام حسین کے انتظامات کے سلسلے میں ایک اجلاس منعقد ہوا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ چہلم امام حسین کو پوری عقیدت و احترام سے منانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ اس لئے ضلع کے تمام علمائے کرام اپنے اپنے حلقہ اثر میں تمام افراد کو پر امن رہنے کی تلقین کریں۔

تمام مذہبی تہوار عقیدت اور پرامن ہونے سے رواداری اور مذہبی ہم آہنگی ممکن ہوسکتی ہے۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ضلع اور تعلقہ سطح پر کنٹرول روم قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے تمام اسسٹنٹ کمشنروں کو ہدایت کی کہ وہ مجالس اور جلوس کے روٹ کا دورہ کریں اور وہاں ضروری انتظامات مکمل کرائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ مجالس اور جلوس کے دوران مطلوبہ میڈیکل سہولیات، ڈاکٹرز، ایمبولینس اور ادویات کا انتظام کریں۔

انہوں نے کہا کہ سیپکو حکام سے کہا کہ وہ غیر ضروری لوڈ شیڈنگ نہ کریں۔ٹان افسران اپنے اپنے علاقوں میں صفائی اور روشنی کا انتظام مکمل کریں۔تمام تحصیل کی سطح پر علمائے کرام اور معززین علاقہ کے ذریعے ایک دوسرے سے تعاون کے لئے کمیٹیوں کو فعال رکھا جائے۔ انہوں نے تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام سے چہلم امام حسین کے موقع پرامن رہنے کی اپیل کی اور کہا کہ اگر کسی بھی فریق کو کوئی شکایت ہو تو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے قائم کئے گئے کنٹرول روم پر شکایت کرے اور خود قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے کی ہرگز کوشش نہ کرے۔

اس موقع پر ضلع بھر کے مختلف فقہوں کے علمائے کرام مولانا عبدالرحمن ڈنگراج، حافظ مفتی حماد اللہ،حب علی حیدری، سید اختیار حسین شاہ، سید نوید علی شاہ، سید زاہد علی شاہ اور دیگر علمائے کرام، محکمہ پولیس، رینجرز، روینیو اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے اس موقع پر تمام مکاتب کے علمائے کرام نے ضلعی انتظامیہ کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

نوشہرو فیروز میں شائع ہونے والی مزید خبریں