سابق صدر سمیت 172 افراد کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل

ای سی ایل لسٹ میں وفات پانے والے شخص کا نام بھی شامل کر لیا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 29 دسمبر 2018 12:22

سابق صدر سمیت 172 افراد کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل
نوابشاہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 دسمبر 2018ء) : حکومت پاکستان نے گذشتہ روز جعلی بینک اکاؤنٹس پر بنائی گئی جے آئی ٹی رپورٹ میں شامل 172 افراد کی فہرست جاری کی جس کے بعد جے آئی ٹی رپورٹ میں شامل 172 افراد کے ناموں کو ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل کر دیا گیا۔ لیکن ای سی ایل میں شامل افراد میں ایک ایسے شخص کا نام بھی ہے جو انتقال کر چکا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ پاکستان کی جانب سے ای سی ایل کی جو فہرسے جاری کی گئی اس میں چوتھے نمبر پر درج نام عبدالمومن ڈاہری 10 دسمبر کو جگر کے عارضے میں علیل رہنے کے بعد وفات پا گیا تھا۔ یاد رہے کہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت جعلی اکاؤنٹ کیس اور منی لانڈرنگ کیس میں جے آئی ٹی نے رپورٹ پیش کی تھی جس میں آصف زرداری اور اومنی گروپ کو ذمہ دار قرار دیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

جے آئی ٹی رپورٹ کی روشنی میں دو روز قبل وفاقی کابینہ کے اجلاس میں جے آئی ٹی کی رپورٹ میں شامل آصف علی زرداری سمیت 172 افراد کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ ( ای سی ایل )میں ڈالنے کی منظوری دی گئی تھی۔ جس پر گذشتہ روزعملدرآمد کیا گیا اور جے آئی ٹی رپورٹ میں شامل تمام 172 افراد کے ناموں کو ای سی ایل میں شامل کر دیا گیا۔ ای سی ایل کی فہرست میں پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین آصف علی زرداری، پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپورکے نام بھی شامل ہیں۔

فہرست میں پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین آصف علی زرداری کا 24 واں نمبر ہے جبکہ فریال تالپور کا نام فہرست میں 36 ویں نمبر پر ہے۔ اس فہرست میں ان کے علاوہ سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ ،موجودہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ،سندھ بینک کے چیئرمین بلال شیخ،نمر مجید، سہیل انورسیال،ملک ریاض، اومنی گروپ کے عبد الغنی مجید، اور حسن لوائی کا نام بھی شامل ہے۔

نواب شاہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں