مسجد میں نماز ادا کرنے والوں پر پولیس کا لاٹھی چارج ، مشتعل افراد پر شیلنگ

پولیس نے مسجد کے امام اور نمازیوں کو گرفتار کیا تو علاقہ مکینوں نے پولیس پر پتھراؤ شروع کردیا جس پر پولیس نے لاٹھی چارج کیا

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ بدھ 15 اپریل 2020 22:11

مسجد میں نماز ادا کرنے والوں پر پولیس کا لاٹھی چارج ، مشتعل افراد پر شیلنگ
نواب شاہ (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-15 اپریل2020ء) : مسجد میں نماز ادا کرنے والوں پر پولیس کا لاٹھی چارج ، مشتعل افراد پر شیلنگ ، تفصیلات کے مطابق نواب شاہ کے علاقے منو آباد میں ایک مسجد میں شہریوں نے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نماز ادا کرنے کی کوشش کی تو پولیس نے ان پر لاٹھی چارج کیا ۔ ذرائع کے مطابق منو آباد میں جامع مسجد مدینہ میں شہریوں نے عصر کی نماز باجماعت ادا کرنے کی کوشش کی جس پر پولیس نے انہیں روکا۔

پولیس نے مسجد کے امام اور نمازیوں کو گرفتار کیا تو علاقہ مکینوں نے پولیس پر پتھراؤ شروع کردیا جس پر پولیس نے لاٹھی چارج کیا اور شیلنگ کی ۔ علاقہ مکینوں نے پولیس اور حکومت کے خلاف احتجاج بھی کیا ہے ۔ دوسری جانب سندھ حکومت نے سرکاری دفاتر کی بندش میں 30اپریل تک توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

(جاری ہے)

نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے میں لاک ڈاؤن کی مدت میں توسیع کے بعد سرکاری دفاتر بھی 30اپریل تک بند رہی گے، تمام لازمی سروس محکموں پرپابندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔

محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن نے سرکاری دفاتر کی بندش میں30اپریل تک توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔ واضح رہے کہ آج وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے اگلے دو ہفتے لاک ڈاؤن سخت کرنے کا کہا ہے۔کراچی میں میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبے میں ٹیسٹنگ کی استعداد 1500 تک لے آئے ہیں۔تاہم دس فیصد کورونا پوزیٹیو آرہے ہیں۔وزیراعلی سندھ نے مزید کہا کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی شناخت ظاہر کرنا مناسب نہیں۔

وزیر اعلی نے یہ بھی کہا کہ ملک میں کورونا کیسز کی شرح دوسرے ملکوں سے کم سمجھنا غلط ہے۔مراد علی شاہ نے کہا صبح 8سے پانچ بجے تک لاک ڈاؤن کی پالیسی برقرار رہے گی ۔ یاد رہے گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے کرونا وائرس کے باعث ملک بھر میں جاری لاک ڈاؤن میں مزید دو ہفتے کی توسیع کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد سندھ میں30اپریل تک لاک ڈاؤن میں توسیع کردی گئی ہے۔

نواب شاہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں