ملک میں مہنگائی کا طوفان آیا ہوا ہے جس کی وجہ سے تعمیراتی صنعت بری طرح متاثر ہورہی ہے،دوست علی رند

جمعہ 17 جون 2022 16:35

نواب شاہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2022ء) گورنمنٹ کنٹریکٹر ایسوسی ایشن سندھ کے صدر دوست علی رند،اسماعیل ڈاہری،شاہد ارائیں،بچل کیریو،عبیداللہ شیخ،غلام مصطفی بروہی،نیاز پنہور و دیگر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اس وقت مہنگائی کا طوفان آیا ہوا ہے جس کی وجہ سے تعمیراتی صنعت بری طرح متاثر ہورہی ہے اگر حالات یہی رہے تو ٹھیکیداروں کا دیوالیہ ہو جائے گا اس وقت سندھ کے تمام سرکاری اداروں میں سال 2012 کے ریٹس شیڈول نافذ العمل ہیں جو کہ ہمارے ساتھ بہت ظلم و زیادتی ہے ان ریٹ پر ہم کام نہیں کر سکتے کیونکہ اسٹیل کے ریٹ میں سو فیصد اضافہ ہوا،سیمینٹ کے ریٹ میں پچاس فیصد اضافہ ہوا ہے،پیٹرولیم کی مصنوعات سے بننے والے پائپ کی قیمتوں میں سو فیصد اضافہ ہوا ہے،روڑی کی قیمت میں پچھتر فیصد اضافہ ہوا ہے ریتی کی قیمت میں ساٹھ فیصد اضافہ ہوا ہے،کریش کی قیمتوں میں بھی پچاس فیصد اضافہ ہوا ہے اس کے علاوہ گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی دو سو فیصد اضافہ ہوا ہے اس لئے ہم سندھ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور نیا شیڈول اف ریٹس جاری کیا جائے اگر 22 جون تک ریٹ جاری نہیں کیا جاتا تو سندھ بھر کے گورنمنٹ کنٹریکٹر بھرپور احتجاج کریں گے اور ترقیاتی کام کرنا بند کر دیں گے اور غیر معینہ مدت تک ہڑتال کریں گے۔

نواب شاہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں