اسسٹنٹ کمشنر نوا بشاہ نبیل ریاض سدہھو کی سربراہی میں میڈیا مینجمنٹ کمیٹی تشکیل

جمعہ 14 ستمبر 2018 22:27

نواب شاہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2018ء) چیف سیکریٹری سندھ کی ہدایات پر ڈپٹی کمشنر شہیدبینظیرآباد کی جانب سے محرم الحرام کے سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر نواب شاہ نبیل ریاض سدہھو کی سربراہی میں میڈیا مینجمنٹ کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر نوابشاہ نبیل ریاض نے دیگر کمیٹی اراکین ڈی ایس پی سٹی ایوب درس اور ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن شہید بینظیرآباد غلام عباس گوراہو کے ساتھ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ محرم الحرام کے دوران ماتمی جلوسوں ومجالس کی ڈرون کیمرا کے ذریعے ریکارڈنگ پر پابندی ہے جبکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی صورت میں میڈیا کے نمائندے انتظامیاں سے تصدیق شدہ خبر جاری کریں تاکہ عوام میں افراتفری نہ پھیلے اور حقیقی صورتحال عوام تک پہنچ سکے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈی ایس پی سٹی ایوب درس نے بتایا کہ ضلع میں 48 امام بارگاہیں ہیں جن میں سے 2 امام بارگاہیں سجادیہ اور مرتضوی امام بارگاہ حساس ہیں جن پر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ محرم الحرام کے ماتمی جلوسوں کے لئے ضلع بھر میں 4000 ہزار پولیس اہلکار، 200 رینجرز اہلکار اور 60 لیڈیز پولیس اہلکار سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے جبکہ پاک آرمی کی ایک کمپنی بھی اسٹینڈ بائے ہو گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ماتمی جلوسوں کی حفاظت کے لئے جامع حکمت عملی بنائی گئی ہے جبکہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر سنیب چیکنگ کی جارہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماتمی جلوسوں کے روٹس کی سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جائے گی جبکہ ماتمی جلوسوں کے روٹس کی عمارتوں کے چھتوں پر بھی پولیس کمانڈوز تعینات ہوں گے۔ کمیٹی ممبران نے میڈیا کے نمائندوں سے اپیل کی کہ محرم الحرام کے دوران انتظامات کو فول پروف بنانے میں ہماری رہنمائی کریں اور خدانخواستہ کسی ناخوشگوارواقعہ کی صورت میں انتظامیاں سے تصدیق کرکے خبر چلائیں اور افواہوں پر توجہ نہ دیں۔

ماتمی جلوسوں کے راستوں کی صفائی کی گئی ہے اور جلوسوں کے روٹ پر ناجائز تجاوزات کو ختم کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ محرم الحرام کے سلسلے میں سیکیورٹی انتظامات پر کسی قسم کا کمپرومائز نہیں کیا جائے گا جبکہ کسی بھی مسئلے کی صورت میں کمیٹی کے علاوہ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر شہیدبینظیرآباد کے دفاتر میں قائم مانیٹرنگ سیل سے بھی رابطہ کرکے معلومات لی جا سکتی ہے۔

نواب شاہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں