تمام ذمہ داران سائنسی بنیادوں پر اگلے بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں شروع کردیں،صوفی یحییٰ قادری

آنے والے وقتوں میں سندھ کا مستقبل تحریک لبیک سے وابستہ ہے، شاہ لطیف، لعل شہباز قلندر، سچل سرمست کی تعلیمات کا مقصد یہی تھا کہ دین کو معاشرے اور تختِ حکومت پر نافذ کیا جائے،ناظم اعلیٰ سندھ تحریک لبیک پاکستان

پیر 7 اکتوبر 2019 23:17

نواب شاہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 اکتوبر2019ء) ناظم اعلیٰ سندھ تحریک لبیک پاکستان صوفی یحییٰ قادری نے کہا کہ تمام ذمہ داران سائنسی بنیادوں پر اگلے بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں شروع کردیں، آنے والے وقتوں میں سندھ کا مستقبل تحریک لبیک سے وابستہ ہے، سندھ صوفیاء کی دھرتی ہے، تحریک لبیک کا منشور صوفیائے کرام کی تعلیمات پر مشتمل ہے، شاہ لطیف، لعل شہباز قلندر، سچل سرمست کی تعلیمات کا مقصد یہی تھا کہ دین کو معاشرے اور تختِ حکومت پر نافذ کیا جائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے نواب شاہ کے مقامی ہوٹل میں ایک روزہ کل سندھ تربیتی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا، کل سندھ تربیتی کنونشن میں صوبے بھر سے زون، ضلع اور تحصیل سطح کے تمام ذمہ داران نے شرکت کی، تربیتی کنونشن میں مرکزی شوریٰ کے رکن علامہ غلام غوث بغدادی، امیرشمالی سندھ مفتی عارف عرفانی اور کراچی کے تشریف لائے مختلف شعبہ جات کے ماہرین نے کارکنان کے تربیتی سیشن سے خطاب کیا، شعبہ الیکشن سیل، شعبہ رابطہ، شعبہ تنظیمی امور، شعبہ نشرو اشاعت کے ماہرین نے ملٹی میڈیا پروجیکٹر کی مدد سے جدید خطوط پر سندھ بھر کے ذمہ داران کی تربیت کی۔

(جاری ہے)

تربیتی کنونشن میں صدر نواب شاہ پریس کلب اور دیگر عہدے داران بھی شریک ہوئے، معزز صحافی مہمانوں کو انتظامیہ کی جانب سے اجرک کے تحفے پیش کیے گئے۔ ناظم اعلیٰ سندھ صوفی یحییٰ قادری نے تربیتی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ سندھ میں کارکن سازی کے عمل پر خصوصی توجہ دی جائے، نئے کارکنان کی شمولیت کے عمل کو تیز رکھا جائے، تمام ذمہ داران تنظیمی کاموں کے لیے اچھی ٹیم تیار کریں، کیوں کہ اچھی ٹیم کے بغیر تحریکی کام نہیں ہوسکتا، ذمہ داران چھوٹی چھوٹی باتوں پر کارکنان اور ماتحت ذمہ داران کی حوصلہ افزائی کریں، کیوں کہ حوصلہ افزائی سے لوگ متحریک ہونگے اور تحریک کو فائدہ ہوگا، صوفی یحییٰ قادری نے مزید کہا کہ تحریک لبیک پاکستان مختلف شعبہ جات میں کام کرتی ہے، شعبہ رابطہ، شبعہ الیکشن سیل، شعبہ سوشل ویلفیئر، شعبہ لیگل ایڈ یعنی قانونی معاونت،،، تمام علاقہ ناظمین پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ علاقے میں تحریک کے تمام شعبہ جات کو فنکشنل کرے، تمام ذمہ داران کے لیے لازمی ہیکہ تحریک کے دستورالعمل اور محاسبة العمل کا مطالعہ کریں اور اس پر عمل کریں، دستور العمل کی پابندی سے تحریک کو دن دگنی رات چگنی ترقی ملے گی، صوفی یحییٰ قادری نے مزید کہا کہ ذمہ داران تنظیمی حفظ ِ مراتب کا خیال رکھیں، سپریم اتھارٹی تحریک کے مرکزی قائد اور مرکزی شوریٰ ہیں، پھر صوبائی تنظیم، پھر زونل تنظیم، پھر ضلعی تنظیم، پھر تحصیل(تعلقہ)، تحصیل کے نیچے یوسی اور پھر آخر میں ہمیں وارڈ سطح تک اپنی تنظیم سازی کو لے کر جانا ہے۔

رکن مرکزی شوریٰ استاذالعلماء علامہ غلام غوث بغدادی نے ذمہ داران کی تربیت کرتے ہوئے کہا کہ تمام ذمہ داران یہ عزم کریں کہ شیخ الحدیث علامہ حافظ خادم حسین رضوی کا پیغام سندھ کے ایک ایک گوٹھ تک پہنچائیں گے، تحریک لبیک حق کی حمایت اور باطل کے خلاف جدوجہد سے کبھی دستبردار نہیں ہوگی، حق کی راہ میں مشکلات بھی آتی ہیں لیکن یہ بات طے شدہ ہے کہ ہر مشکل کے ساتھ آسانی ہے، اس لیے ذمہ داران ہر طرح کے حالات کے لیے اپنے آپ کو تیار رکھیں، تحریک کا مستقبل روشن ہے، اس لیے ذمہ داران اور کارکنان بییقینی کی کیفیت کو ختم کرے، ہم پر جو مشکل دور آیا تھا وہ گزر چکا۔

الحمدللہ ٹی ایل پی نے اپنے آپ کو ملک کی چوتھی بڑی سیاسی جماعت ثابت کیا ہے، اس لیے کارکنان اور زمہ داران کسی بھی قسم کے احساس کمتری کو اپنے پاس بھٹکنے نہ دیں۔ علامہ خادم حسین رضوی وقت کے ولی ہیں، ہمارے قائد اپنے کردار اور سیرت میں قرونِ اولیٰ کے مسلمانوں کے جیسی خصوصیات رکھتیہیں، ہم ان کا پیغام سندھ کے چپے چپے تک پھیلائیں گے۔ امیر شمالی سندھ مفتی عارف عرفانی نے کل سندھ تربیتی کنونشن میں ذمہ داران کی تربیت کرتے ہوئے کہا کہ آج کے اس کنونشن کا مقصد ذمہ داران کو تحریک کے نظریات اور نظم و ضبط سے آگاہ کرنا تھا، نظریاتی تحریکیں مال و دولت یا دنیاوی اسباب پر تکیہ نہیں کرتی، بلکہ نظریاتی تحریکوں کے کام کے لیے جذبہ اور جنون درکار ہوتا ہے، تحریک لبیک پاکستان ذاتی مفاد کے لیے کام نہیں کرتی، ہم مقصد کے لیے کام کرتے ہیں اور ہمارا مقصد دین کو تخت پہ لانا ہے۔

#

نواب شاہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں