شہداء کربلا کی دی گئی قربانیاں ہمیں صبر کرنے کی تلقین کرتی ہیں،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شہید بے نظیر آباد

منگل 15 اکتوبر 2019 18:24

نواب شاہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2019ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد جنید حمید سموں نے کہا ہے کہ شہداء کربلا کی دی گئی قربانیاں ہمیں صبر کرنے کی تلقین کرتی ہیں اس لئے ہم صبر کا دامن نہ چھوڑیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چہلم امام حسین علیہ السلام کے موقع پر علماء کرام ضلع میں امن، اتحاد اور بھائی چارے کی فضا قائم رکھنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج دربار ہال میں شہداء کربلا کے چہلم کے موقع پر ضلع میں امن وامان برقرار رکھنیاور دیگر ضروری انتظامات کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

انہو ں نے مزید کہا کہ چہلم کے موقع پر ضلع میں امن وامان کی صورتحال کی مانیٹرنگ کرنے کیلئے ضلع سطح پر کنٹرول روم قائم کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی کے حوالے سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے محکمہ پولیس کے افسر کو ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ امام بارگاہوں، مجالس اور ماتمی جلوسوں کی حفاظت کیلئے فول پروف سیکورٹی انتظامات کئے جائیں اور شرپسندوں،فسادیوں ،مشکوک و مشتبہ افراد و گاڑیوں امن و امان میں خلل ڈالنے والوں پر کڑی نظر رکھی جائے تاکہ کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ چہلم کے دوران تمام اسپتالوں اور صحت مراکز پر مطلوبہ ادویات، ڈاکٹر اور پیرامیڈیکل اسٹاف سمیت ایمبولنسوں کی موجودگی کو یقینی بنائیں اور نکلنے والے ماتمی جلوسوں کے راستوں پر طبی کیمپ لگائے جائیں اس میں ڈاکٹرز و ادویات کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے محکمہ حیسکو کے ذمہ داران کو ہدایت دی کہ لوڈشیڈنگ کا شیڈیول اس طرح ترتیب دیں کہ مجالس و ماتمی جلوسوں کے دوران بجلی کی فراہمی جاری رہے۔

انہوں نے میونسپل وٹاؤن کمیٹیز کے افسران کو ہدایت دیں کہ چہلم کے موقع پر صفائی کے انتظامات کو بہتر بنائیں بلخصوص امام بارگاہوں وماتمی جلوسوں کے راستوں میں نکاسی آب وصفائی کیانتظامات کو یقینی بنائیں۔اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے ڈی ا?ئی بی انچارج عبدالحمید جلبانی نے بتایا کہ مجالس و ماتمی جلوسوں کو ہرممکن سیکیورٹی فراہم کی جائے گی جبکہ ضلع بھر میں2654 پولیس اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع بھر میں8 ماتمی جلوس نکلیں گے جبکہ 18 مجالس منعقد ہونگی جس کے لئے تمام انتظامات مکمل کئے گئے ہیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے مذہبی رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ منعقد ہونے والی مجالس وماتمی جلوسوں کے وقت کی پابندی کریں۔اجلاس میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کو چہلم کے دوران ضلع میں امن وامان برقرار رکھنے کیلئے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

انہوں نے کہا کہ ہم ضلع انتظامیہ کے مشکور ہیں جنہوں نے محرم الحرام کے دوران بھی بھرپور تعاون کیا تھا۔اجلاس میں انڈس رینجرز کے ڈی ایس آر غلام محمد نے بتایا کہ شہدائ کربلا کے چہلم کے موقع پر سندھ پولیس کے ساتھ رینجرز کے جوان ماتمی جلوسوں،مجالس کو سیکیورٹی فراہم کرنے کے ساتھ سنیپ چیکنگ بھی کی جائے گی۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر نواب شاہ طارق علی سولنگی ،اسسٹنٹ کمشنر سکرنڈ سلیم احمد جتوئی، انفارمیشن افسر شیر محمد جمالی،رینجرز ،لوکل گورنمنٹ، صحت، حیسکوکے افسران اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام نے شرکت کی۔

نواب شاہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں