وزیراطلاعات سندھ کی نواب شاہ میں کھلی کچہری ،عوام کے مسائل سنے ،فوری حل کیلئے متعلقہ افسران کو ہدایت

کھلی کچہری کا مقصد عوام کے مسائل کو ان کی دہلیزپر حل کرنا ہے اور اس مقصد کے لئے صوبائی وزرا اورمشیر آئندہ بھی کھلی کچہریاں منعقد کریں گے، ناصر حسین شاہ

ہفتہ 22 فروری 2020 23:44

نواب شاہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2020ء) وزیراعلی سندھ کی خصوصی ہدایات پر صوبائی وزیر اطلاعات،بلدیات و جنگلات سید ناصرحسین شاہ نے وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی بندہ علی لغاری کے ہمراہ ہفتہ کو ڈپٹی کمشنر آفس کے احاطے میں منعقدہ کھلی کچہری میں عوام کے مسائل سنے اور ان مسائل کے فوری حل کے لئے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایات جاری کیں اس موقع پر صوبائی وزیر سید ناصرحسین شاہ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کے ویژن کے مطابق صوبائی وزرا اورمعاون خصوصی مختلف اضلاع میں آج دوسری مرتبہ کھلی کچہریاں منعقد کرکے عوام کے مسائل سن کر ان کو حل کررہے ہیں انہوں نے مزید کہا اس سے قبل منعقدہ کھلی کچہری کے موقع پر عوام کی جانب سے اپنے مسائل کے حل کے لئے کی گئی شکایات پر ان مسائل کو حل کرنے کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر ومتعلقہ افسران سے عملدرآمد رپورٹ بھی لی گئی ہے انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی محکموں کے متعلق ملنے والی شکایات ان محکموں کو حل کے لئے ارسال کی گئی ہے جبکہ وفاقی اداروں کے متعلق شکایات کوحل کرنے کے لئے وزیراعلی سندھ کی جانب سے وفاقی حکومت کو خط ارسال کیا گیا ہے انہوں نے مزید کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد عوام کے مسائل کو ان کی دہلیزپر حل کرنا ہے اور اس مقصد کے لئے صوبائی وزرا اورمشیر آئندہ بھی کھلی کچہریاں منعقد کریں گے تاکہ عوامی مسائل کو حل کرکے عوام کو رلیف فراہم کیا جائے گا صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ اس کھلی کچہری میں علاقے کی عوام نے اپنے علاقوں میں بند اسکولوں کو فعال کرنے،صحت مراکز میں عملے و دیگر سہولیات کی کمی کو پورا کرنے ،گندی پانی کی نکاس و پینے کے صاف پانی کی فراہمی ، صفائی،سڑکوں کی تعمیر ومرمت کے علاوہ ترقیاتی اسکیموں،بجلی وگیس کے زائد بلوں ،روینیو،پولیس،بلدیات،آبپاشی سمیت دیگر محکموں کے متعلق اپنی شکایات و درخواستیں پیش کی ہیں ان تمام مسائل کو جلد حل کیا جائے گا متعلقہ محکموں کے افسران کو دوبارہ ہدایات کرتا ہوں کہ عوامی مسائل کو فوری حل کریں بصورت دیگر ان افسران کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی سید ناصرحسین شاہ نے مزید کہاکہ سندھ کابینا نے صوبائی محکموں میں خالی اسامیوں پر بھرتی کے لئے نیا طریقے کار وضع کیا ہے جس کے تحت ایک سے 4 گریڈ کی آسامیوں پر بھرتی متعلقہ یوسی ومقامی افراد کی ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں قائم ڈسٹرکٹ رکروٹ منٹ کمیٹی کے ذریعے کی جائیں گی اور گریڈ 5 سے 15 تک کی خالی اسامیوں کوبھرنے کے لئے آئی بی اے کے ذریعے ٹیسٹ لیکرمیرٹ پر بھرتیاں کی جائیں گی جس کے لئے جلد اخبارات میں اشتہارات دئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ایک سے 4 گریڈ کی نوکریوں پر دوسرے اضلاع کے افراد کو بھرتی کرنے پر ان کی نوکری ختم کرنے کے علاوہ بھرتی کرنے والے افسران کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔اس موقع پر گذشتہ کھلی کچہری میں پیش کئے گئے عوامی مسائل کے متعلق بریفنگ دیتے ہوئیڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد ابراراحمد جعفر نے بتایا کہ عوام کی جانب سے سرکاری نوکریوں کی 55 درخواستیں موصول ہوئی تھیں ضلع میں ایک سے 4 گریڈ کی اسامیوں پر بھرتی کا عمل شروع کیا گیا ہے جبکہ معذور کوٹا پر بھرتی کے لئے ملنے والی 6 درخواستوں کو معذور کوٹا کی اسامیوں پر بھرتی میں شامل کیا جائے گا ،ترقیاتی اسکیموں کے متعلق ملنے والی 96 درخواستوں کو روڈز ،بلڈنگس،ایجوکیشن ورکس، ٹان ومیونسپل کمیٹیزکے علاوہ متعلقہ محکموں کو مسائل حل کرنے کے لئے لکھا گیا ہے انہوں نے مزید بتایا کہ سوئی گیس و حیسکو،فوتی کھاتا بدل،پولیس،حیسکو،فاریسٹ ودیگرمسائل کے حل کے لئے ان کو ہدایات جاری کی گئی ہیں اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی وچئیرمین پبلک اکانٹس کمیٹی غلام قادر چانڈیو،سیکریٹری بلدیات زاہد حسین خیمٹیو ،ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد ابراراحمد جعفر،ایس ایس پی شہید بینظیرآباد تنویر حسین تنیو، پ پ پ ضلع صدر علی اکبر جمالی،ڈائریکٹر اطلاعات شفیق حسین میمن،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنید حمید سموں،ڈپٹی ڈائریکٹر انٹی کرپشن میر نادرعلی ابڑو،چئیرمین میونسپل کمیٹی محمد عظیم مغل کے علاوہ ضلع و تعلقہ افسران،ٹان و یوسی چئیرمینز ،مقامی صحافیوں ، سماجی تنظیموں کے نمائندوں اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس سے قبل صوبائی وزیر سید ناصرحسین شاہ نیوزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی بندہ علی لغاری اور رکن صوبائی اسمبلی وچئیرمین پبلک اکانٹس کمیٹی غلام قادر چانڈیو ودیگر کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر آفیس کے احاطے میں پودہ لگا کر محکمہ جنگلات کی جانب سے موسم بہار کی شجر کاری مہم کا افتتاح بھی کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹراطلاعات شفیق حسین میمن نے صوبائی وزیر سید ناصرحسین شاہ کو سندھ کی ثقافت اجرک کا تحفہ پیش کیا۔

نواب شاہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں