سکھر حیدرآباد موٹر وے کے لئے زمین کے حصول کا کام تیزکیا جائے ،ڈپٹی کمشنر شہید بے نظیرآباد

جمعہ 17 جون 2022 23:28

نواب شاہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2022ء) ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد عامر حسین پنہور کی زیر صدارت سکھر حیدرآباد موٹر وے کے لئے زمین کے حصول کے سلسلے میں ایک اجلاس آج انکے دفتر میں منعقد ہوا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عامر حسین پنہورنے کہا کہ عوامی سہولت کے اس پروجیکٹ کے لئے زمین کے حصول کے کام کو تیز کیا جائے تاکہ یہ منصوبہ بروقت شروع ہوسکے ڈپٹی کمشنر نے تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ موٹر وے میں آنے والی زمین کے حصول کے لئے نوٹیفکیشن 4 اور 6 کا اجراء ہوچکا ہے اس لئے نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور سروے سپرینٹنڈنٹ کے افسران کے ہمراہ کھاتے داروں سے زمین حاصل کرنے کے لئے کام جلد شروع کیا جائے جبکہ اسی کام میں کسی بھی قسم کی سستی اور کوتاہی ہرگز برادشت نہیں کی جائے گی ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ تمام متعلقہ افسران اپنے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے عوامی سہولت کے اس منصوبے کو شروع کرانے اور درپیش مسائل کے حل کے لئے اقدامات کریں اجلاس میں پروجیکٹ ڈائریکٹر نیشنل ہائی ویز کی جانب سے سکھر حیدرآباد موٹر وے میں شہید بینظیرآباد ضلع کی حدود میں آنے والی زمین اور کھاتے دار وں کو معاوضے کی رقم کے متعلق آگاہی دی گئی اجلاس میں تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اورسروے سپرینٹنڈنٹس خیرپور کے افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :

نواب شاہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں