کمشنر شہید بینظیرآباد ڈویژن رشید احمد زرداری کی زیر صدارت ڈویژنل ٹاسک فورس برائے پولیو کا اجلاس

ہفتہ 6 اگست 2022 18:15

نواب شاہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2022ء) کمشنر شہید بینظیرآباد ڈویژن رشید احمد زرداری کے زیر صدارت ڈویژنل ٹاسک فورس برائے پولیو کا ایک اجلاس کمشنر آفیس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر رشید احمد زرداری نے کہا کہ موثر انسداد پولیو مہم سے ہی پولیو کا خاتمہ ممکن ہے اس لئے محکمہ صحت کے افسران و پولیو ٹیمیں انسداد پولیو مہم کو قومی فریضہ سمجھ کر اپنے فرائض سرانجام دیں تاکہ مقرر کردہ احداف حاصل کئے جاسکیں انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں ابھی تک پولیو کیس رپورٹ ہو رہے ہیں اور ملک کے بڑے شہروں میں پولیو وائرس کی موجودگی کسی خطرے سے کم نہیں اس لئے محکمہ صحت کے ساتھ دیگر متعلقہ محکمے اور سماجی تنظیمیں پولیو کے خاتمے کے لئے بھرپور کوششیش بروئے کار لائیں تاکہ اس موذی مرض کو جڑ سے اکھاڑ کر مستقبل کے معماروں کو زندگی بھر کی معذوری سے بچایا جاسکے انہوں نے محکمہ صحت کے افسران پر زور دیا کہ وہ پولیو مہم کے دوران متعلقہ محکموں کے ساتھ بہتر روابط قائم رکھنے کے ساتھ ساتھ پولیو ٹیموں کی اچھی تربیت اور بہتر مائکرو پلان تیار کریں تاکہ پولیو ٹیمیں آسانی کے ساتھ ٹارگیٹ حاصل کرسکیں انہوں نے مزید کہا کہ حفاظتی ٹیکوں کے پروگرام پر بھی خصوصی توجہ دی جائے اور پولیو ویکسین کے کول چین برقرار رکھنے کے لئے انتظامات کے ساتھ ریفیوزل کمیٹیوں کو مزید فعال بناکر تمام ریفیوزل کو کوور کیا جائے کمشنر نے محکمہ پولیس کے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ انسداد پولیو مہم کے دوران ٹرانزٹ پوائنٹ ٹیموں کے ساتھ پولیس اہلکاروں کی مقرری کو یقینی بناکر اس بات کا پابند کیا جائے کہ آنے جانے والی گاڑیوں کو روکیں تاکہ ان میں موجود پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جاسکیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اجلاس کو آگاہی دیتے ہوئے ڈبلیو ایچ او کے نمائندے ڈاکٹر جھانگیر کیریو نے بتایا کہ ڈویژن میں 22 سے 28 اگست تک 7 روزہ قومی انسداد پولیو مہم منعقد ہوگی مہم کے دوران ڈویژن کے پانچ سال تک کی عمر کے 12 لاکھ 64 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے اس مقصد کے لیے مائکرو پلان کی تیاری، ٹیموں کی تربیت سمیت دیگر انتظامات مکمل کئے جارہے ہیں اجلاس میں تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران نے گذشتہ پولیو مہم کے دوران حاصل کردہ ٹارگٹ اور آئندہ منعقد ہونے والی قومی انسداد پولیو مہم کے متعلق تفصیلی آگاہی دی اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر ون شہید بینظیرآباد سید پریل شاہ،ایڈیشنل کمشنر ٹو فیاض حسین راہوجو،ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد عامر حسین پنہور، ڈپٹی کمشنر نوشہروفیروز محمد تاشفین عالم، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سانگھڑ اعجاز احمد جتوئی، ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر غلام مصطفیٰ، فوکل پرسن برائے ای پی آئی ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر ارشاد علی، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن غلام عباس گوراہو سمیت تینوں اضلاع کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران، تعلیم اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی.

نواب شاہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں