نواب شاہ، قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد کرنے کے سلسلے میں ایک اجلاس

جمعہ 24 فروری 2017 19:29

نوابشاہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 فروری2017ء) قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد کرنے کے سلسلے میں ایک اجلاس ڈپٹی کمشنر شہیدبینظیرآباد محمدنعمان صدیق کی صدارت میں منعقد ہوا، اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنران، رینجرز، اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ موجودہ حالات کا مقابلہ کرنے کیلئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہے انہوں نے تمام اداروں کے سربراہوں سے کہا کہ وہ معلومات کا تبادلہ کریں اور ریلوے اسٹیشن ، بس اسٹاپوں پر نظر رکھیں اجلاس کو بتایا گیا کہ مختلف مدارس کا ڈیٹا جمع کیا جارہا ہے اور وہاں رہائش پذیر طلبہ اور اساتذہ کے بارے میں معلومات جمع کی جارہی ہے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ رینجرز کی جانب سے ضلع کے مختلف شہروں میں اچانک چیکنگ کا سلسلہ شروع کیا جائے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ قائدعوام یونیورسٹی کے غیرملکی طلبہ کیلئے انٹرنیشنل ہاسٹل کی جلد تعمیر کے لئے وائس چانسلر کو خط لکھا جائے گا تاکہ غیرملکی طلبہ کو رہائش دی جا سکے۔ اس وقت یونیورسٹی میں انٹرنیشنل ہاسٹل کی تعمیر ادھوری رہنے کے سبب غیرملکی طلبہ شہر کے مختلف علائقوں میں نجی عمارتوں میں کرایہ پر رہائش پذیر ہیں۔

نواب شاہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں