ہم نے بڑی قربانیاں دی ہیں اورہم بہت غیرت والے لوگ ہیں اور آج بھی قربانیاں دینے کو تیار ہیں، ہمیں بدنام نہ کیا جائے

محسود قبائل کی گلالئی اسماعیل اور منظور پشتین کے فوج پرلگائے گئے الزامات کی سختی سے تردید،معافی مانگے کا مطالبہ کر دیا

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 26 مئی 2019 17:35

ہم نے بڑی قربانیاں دی ہیں اورہم بہت غیرت والے لوگ ہیں اور آج بھی قربانیاں دینے کو تیار ہیں، ہمیں بدنام نہ کیا جائے
وزیرستان(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26مئی2019) شمالی وزیرستان کے محسود قبائل نے مشترکہ پریس کانفرنس میں غیر ملکی این جی او چلانے والی گلالئی اسماعیل اور منظور پشتین کے فوج پرلگائے گئے الزامات کی سختی سے تردید کی ہے۔ محسود قبائل کی مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران قبائلی سرداروں نے کہا ہے کہ غیر ملکی این جی او چلانے والی گلالئی اسماعیل نے اسلام آباد میں زیادتی کا نشانہ بننے والی ننھی بچی فرشتہ کے گھر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ نائین الیون کے بعد وزیرستان میں آپریشن کے دوران پاک فوج نے پشتون قبائل کے بچوں اور بچیوں کے ساتھ زیادتی کی تھی اور ان پر جنسی تشدد کیا تھا، محسود قبائل کے سرادروں نے کہا ہے کہ انہیں آج تک ایسے کسی واقعہ کی اطاع نہیں ملی اور نہ کوئی ایسا واقعہ پیش آیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہے کہ ہم گلالئی اسماعیل کے اس بیان کو رد کرتے ہیں اور نیک نیتی سے گلالئی اسماعیل کو یہ پیغام پہنچانا چاہتے ہیں کہ ہماری قوم کے جذبات کو اس بیان سے ٹھیس پہنچی ہے اور یہ ہماری قوم اور ہمارے علاقے کی عزت کا مسئلہ ہے اور یہ ہماری غیرت کا مسئلہ ہے، ہم اس بیان کو رد کرتے ہیں۔
محسود قبائل نے مطالبہ کیا ہے کہ گلالئی اسماعیل اس بیان کو واپس لے کیونکہ یہی اخلاق کا تقاضہ ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران قبائل کے نمائندگان نے گلالئی اسماعیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ محسود قبائل سے معافی مانگیں۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران ہم نے جو قربانیاں دی ہیں وہ ہم نے پاکستان کے بقاء کے لیے دی ہیں اور ہم نے یہ قربانیاں پاکستان کی سالمیت کے لیے اور پاکستان حفاظت کے لیے دی ہیں کیونکہ پاکستان کی مغربی سرحدوں پر جو دشمن اکٹھے ہو چکے تھے وہ اچھی نیت سے نہیں آئے تھے اور ان کی نیت آج بھی اچھی نہیں ہے لیکن ہماری قربانیوں اور اللہ کے کرم کی وجہ سے پاکستان آج تک محفوظ ہے اور انشاء اللہ ہمیشہ محفوظ رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ اگر کسی دشمن نے پاکستان کی طرف غلط نظر سے بھی دیکھا تو ہم پاکستان کا بھرپور ساتھ دیں گے اور ہم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔ محسود قبائل نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ پاکستان اور اسلام کے دشمنوں کے خلاف ڈٹ کر لڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک کروڑ قبائلی عوام زمینی جنگ کی بھرپور مہارت رکھتے ہیں اور وقت پڑنے پر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

شمالی وزیرستان میں شائع ہونے والی مزید خبریں