افغانستان سے شمالی وزیرستان اور تربت میں آپریشن کے دور ان دہشتگردوں کا حملہ ، ایک افسر اور9 جوان شہید

شمالی وزیرستان میں چھ جوان اور تربت میں آپریشن کے دور ان حملے میں افسر سمیت چار جوانوں نے جام شہادت نوش کیا ، آئی ایس پی آر پاک فوج کے پاک افغان سرحد پر باڑھ لگانے کے اقدامات جاری رہیں گے اور سرحد کی نگرانی کا عمل سخت رکھا جائے گا، پاک فوج کا عزم شہید اء میں کیپٹن عاقب،سپاہی نادر،سپاہی عاطف الطاف، سپاہی حفیظ اللہ ، حوالدار خالد، سپاہی نوید ، سپاہی بچل، سپاہی علی رضا، سپاہی ایم بابر اور سپاہی احسن شامل پاک افغان سرحد اور بلوچستان میں شہادتیں امن کی راہ میں دی گئی،انشااللہ دشمن کے عزائم ناکام بنادیں گے، ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور

ہفتہ 27 جولائی 2019 17:55

افغانستان سے شمالی وزیرستان اور تربت میں آپریشن کے دور ان دہشتگردوں کا حملہ ، ایک افسر اور9 جوان شہید
راولپنڈی /شمالی وزیرستان/ تربت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2019ء) افغان صوبے گردیز سے پاک فوج کی پٹرولنگ پارٹی پر جبکہ تربت میں آپریشن کے دور ان دہشتگردوں کے حملے کے نتیجے میں ایک افسر اور 9جوان شہید ہوگئے ۔ ہفتہ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے گرباز کے قریب سرحد پار (افغانستان)سے پاک فوج کی بارڈر پٹرولنگ پارٹی پر دہشت گردوں نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 6 جوان شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا میں حوالدار خالد، سپاہی نوید ، سپاہی بچل، سپاہی علی رضا، سپاہی ایم بابر اور سپاہی احسن شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے پاک افغان سرحد پر باڑھ لگانے کے اقدامات جاری رہیں گے اور سرحد کی نگرانی کا عمل سخت رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کے مطابق افغانستان میں قیام امن کیلئے مفاہمتی عمل انتہائی ضروری ہے۔

نجی ٹی وی نے آئی ایس پی آر کے حوالے سے بتایاکہ پاکستان نے افغانستان میں قیام امن کیلئے عظیم قربانیاں دی ہیں،باڑ کی تعمیر اور سرحد کو مضبوط بنانے کے حوالے سے اقدامات بھی افغان امن عمل کو کامیاب بنانے کے اقدامات ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان دشمن قوتیں سرگرم عمل ہیں، پاک فوج نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام دشمن قوتوں کو شکست فاش ہوگی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل گزشتہ برس 10 اکتوبر کو بھی دہشت گردوں نے سرحد پار سے شمالی وزیرستان میں موجود پاکستانی چیک پوسٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے جوانوں نے دہشت گردوں کے حملے کو پسپا کرتے ہوئے جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں 7 دہشت گرد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے تھے۔دوسری جانب تربت میں دہشت گردوں کی جانب سے فرنٹیئر کور (ایف سی) کے اہلکاروں پر حملے میں کیپٹن سمیت 4 اہلکار شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق علاقے میں دہشت گردوں کی تلاش کے لیے کامبنگ اور سرچ آپریشن جاری تھا کہ ان کی گاڑی پر دہشت گردوں کی جانب سے حملہ کردیا گیا جس کے نتیجے میں ۔ایک افسر سمیت چار جوان شہید ہوگئے ،آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والوں میں کیپٹن عاقب،سپاہی نادر،سپاہی عاطف الطاف، سپاہی حفیظ اللہ شامل ہیں ۔

دوسری جانب ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شمالی وزیر ستان میں پاک فوج اور بلوچستان میں ایف سی کے جوانوں کی شہادت پر اپنے بیان میں کہا پاکستان خطے میں امن کیلئے قربانیاں دیرہاہے ، پاک افغان سرحدپر6،بلوچستان میں 4شہادتیں امن کی راہ میں دی گئی۔انہوںنے کہاکہ قبائلی علاقوں میں سیکیورٹی کی صورتحال بہت بہترہوچکی ہے، اب سرحدکی نگرانی مزیدسخت کرنے پر توجہ مرکوز ہے۔میجر جنرل آصف غفور نے کہاکہ دشمن قوتیں بلوچستان میں عدم استحکام کی کوشش کررہی ہیں، انشااللہ دشمن کے عزائم ناکام بنادیں گے۔

شمالی وزیرستان میں شائع ہونے والی مزید خبریں