شمالی وزیرستان میں بم دھماکہ، پاک فوج کے اعلیٰ افسر سمیت 3 اہلکار شہید

دھماکہ فورسز کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے باعث ہوا، 4 اہلکار شدید زخمی ہوئے، علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا: آئی ایس پی آر

muhammad ali محمد علی جمعرات 3 ستمبر 2020 21:55

شمالی وزیرستان میں بم دھماکہ، پاک فوج کے اعلیٰ افسر سمیت 3 اہلکار شہید
وزیرستان (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔3 ستمبر2020ء) شمالی وزیرستان میں بم دھماکہ، پاک فوج کے اعلیٰ افسر سمیت 3 اہلکار شہید، آئی ایس پی آر کے مطابق دھماکہ فورسز کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے باعث ہوا، 4 اہلکار شدید زخمی ہوئے، علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق شمالی وزیرستان میں پاک فوج کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی جس کے باعث 3 فوجی اہلکار جام شہادت نوش کر گئے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ شہید ہونے والوں میں لیفٹیننٹ ناصرحسین، نائیک محمدعمران اور سپاہی عثمان اختر شامل ہیں۔ واقعے میں سیکیورٹی فورسز کے 4اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ واقعے کے فوری بعد فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ۔

(جاری ہے)

علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ پاک فوج کے جوان گھر یوم کے علاقے میں میں سڑک تعمیر کرنے والوں کی حفاظت کر رہے تھے جب بارودی سرنگ کا دھماکہ ہوا۔

واقعے میں جام شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے جوان لیفٹیننٹ ناصر آسٹریلیائی دفاعی فورس اکیڈمی کے گریجویٹ تھے۔ لیفٹیننٹ ناصر کے والد محترم بھی شہادت کے رتبے پر فائض ہو چکے۔ لیفٹیننٹ ناصر اپنے والدین کے اکلوتے بیٹے تھے،ان کی کوئی بہن یا بھائی نہیں ہے۔ ان کی شہادت کے بعد والدہ محترمہ دنیا میں تنہاء رہ گئی ہیں۔

شمالی وزیرستان میں شائع ہونے والی مزید خبریں